فوجی قیادت کے ساتھ کام کرنے میں کوئی اعتراض نہیں‘ مشاہد حسین 

46

لاہور(آن لائن)ن لیگ کے نو تشکیل میڈیا سیل کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ اگر آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئی تو اسے فوجی قیادت کے ساتھ کام کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد پارٹی کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات معمول کے مطابق ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے ان خدشات کو مسترد کیا کہ غیر منتخب قوتیں انتخابات کا نقشہ بدل سکتی ہیں، 1988ء کے انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان قوتوں نے اسلامی جمہوری اتحاد (آئی جی آئی) کے ساتھ مل کر شہید بینظیر بھٹو کا راستہ روکنے کی کوشش کی تھی تا کہ وہ پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کر کے حکومت تشکیل نہ دے پائیں۔انتخابات کے نتائج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ووٹر کے موڈ پر منحصر ہے کہ وہ انتخابات میں کسے منتخب کرے اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ ووٹر ہمارے ساتھ ہے اور رہے گا۔قومی احتساب بیورو میں دائر ریفرنس میں نواز شریف کی گرفتاری کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ یہ محض مفروضہ ہے، پارٹی متحد ہے تو کوئی قوت اسے انتخابات میں کامیاب ہونے سے نہیں روک سکتی۔ان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم کے عہدے کے 3 امیدوار متوقع ہیں عمران خان، آصف زرداری اور شہباز شریف جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اپنی کارکردگی کے لحاظ سے سب سے مضبوط امیدوار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ن لیگ اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز یکم جولائی سے کرے گی جبکہ انہوں نے انتخابات کے التوا کا امکان بھی مسترد کردیا۔علاوہ ازیں، خواتین کی مخصوص نشستوں پر ٹکٹ کی تقسیم سے متعلق نظر ثانی بورڈ تشکیل دے دیا ہے جس میں سابق صوبائی وزیر ذکیہ شاہنواز،سعد رفیق، کرن ڈار اور نزہت صادق شامل ہیں،جلد یہ معاملہ حل ہوجائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ