مشرقی غوطہ میں گیس بم حملے،اموات 500سے متجاوز

434

شامی عوام  پر قیامت ڈھانے والے صدر بشارالاسدنے مشرقی غوطہ میں شہری آبادیوں پر زہریلی گیس کے بم حملے کیے ہیں ۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ حالیہ دنوں میں دارالحکومت دمشق کے نواحی خطے مشرقی غوطہ میں اسدی حکومت کے جنگی جہازوں نے فضائی بمباری میں زہریلی گیسوں کا استعمال کیا ہے  جب کہ شامی شہری دفاع کا بھی کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں  کے ایک قصبے الشفونیا میں  زہریلے مادوں کی وجہ سے خواتین اور بچوں کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ادارے نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ میں بتایا کہ ایک بچہ سانس میں دشواری کے سبب دم گھنٹے سے جاں بحق ہوگیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز شامی حکومت کی حمایت یافتہ روسی جیٹ طیاروں نے مشرقی غوطہ کے کئی اضلاع اور گنجان آباد علاقوں کو فضائی بمباری کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ مشرقی غوطہ میں باغیوں کے خلاف کارروائی کے نام پر شامی اور روسی فضائیہ شہریوں پر وحشیانہ بمباری جاری رکھے ہوئے ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اس بربریت میں خواتین اور بچوں سمیت 500سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔