ایم ایم اے ملک کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ثابت ہوگی‘اسد اللہ بھٹو

184
ٹنڈوآدم: اسد اللہ بھٹو چیئرمین بلدیہ مسرور احمد غوری سے بہنوئی کے انتقال پر تعزیت کے بعد مغفرت کی دعا کررہے ہیں
ٹنڈوآدم: اسد اللہ بھٹو چیئرمین بلدیہ مسرور احمد غوری سے بہنوئی کے انتقال پر تعزیت کے بعد مغفرت کی دعا کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل ملک سے کرپشن و کرپٹ قیادت کے خاتمے اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کا محافظ ثابت ہوگا ،تمام تر معمولی اختلافات کے باوجود دینی جماعتیں نظریہ پاکستان کی حفاظت اور اتحاد امت کے لیے متحد ہیں، سیکولر قوتوں کی تمام سازشیں ناکام بنادیں گے،شریف خاندان پاناما لیکس میں لگے الزامات کی صفائی اور اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں ناکام ثابت ہوا ہے۔ میاں محمدنواز شریف اگر جمہوریت اور ملک کے ساتھ مخلص ہیں تو انہیں اداروں کی بے توقیری اور ٹکراؤ کے بجائے عدالتی فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غوری ہاؤس ٹنڈو آدم میں چیئر مین بلدیہ مسرور احسن غوری سے بہنوئی کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ بزرگ رہنما عبدالعزیز غوری،رضوان احسن غوری،امیر ضلع سانگھڑ غفور انصاری، سابق امیر ضلع مشتاق عادل، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، حاجی نورحسن،عبدالستارانصاری ، عبدالقیوم و دیگر مقامی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ مجھے کیوں نکالا کا راگ الاپنے والے 4 مرتبہ حکمران رہنے کے باوجود ملک میں کوئی ایسا اسپتال بھی قائم نہیں کرسکے جس میں وہ اپنا اور اپنے بچوں کا علاج کراسکیں ،شریف خاندان کا بچہ بچہ اچھی طرح جانتا ہے کہ انہیں کرپشن کی وجہ سے ہی نکالا گیا ہے۔حکمرانوں کی کرپشن اور اقربا پروری کی پالیسیوں کی وجہ سے پی آئی اے، اسٹیل مل سمیت قومی ادارے تباہی کے دہانے پر جبکہ ان کے ذاتی کارخانے و کاروبار اور بیرون ملک اسٹیل ملز عروج پر ہیں۔اپنے اوردوسروں کے لیے الگ الگ پیمانے ان کے دہرے معیار کی عکاسی کرتے ہیں۔روشن پاکستان کے حکومتی دعوؤں کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے کیونکہ اس سے پاورلومز سمیت دیگر صنعتی ادارے اورکاروبارزندگی سخت متاثر ہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کرپشن و کرپٹ قیادت سے نجات اور ملکی خوشحالی کے لیے آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے کے دیانتدار نمائندوں کو ووٹ دیں جو ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت اورعوامی مسائل کو حل کرنے کا درد اورصلاحیت بھی رکھتے ہیں۔دریں اثنا اسداللہ بھٹو نے بزرگ مقامی رکن نیازاحمد انصاری کی اہلیہ کی وفات پر بھی ان کے گھرجاکرلواحقین سے تعزیت اور مرحومہ کی مغفرت اوربلنددرجات کے لیے دعا کی۔