برطانیہ : وزیراعظم باحجاب ہوکر مسلمانوں کی تقریب میں شریک

152
لندن: وزیراعظم تھریسامے تقریب میں شرکت کے دوران مسلمان لڑکیوں کے ساتھ تصویر کھنچوا رہی ہیں
لندن: وزیراعظم تھریسامے تقریب میں شرکت کے دوران مسلمان لڑکیوں کے ساتھ تصویر کھنچوا رہی ہیں

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے مسلم برادری کی جانب سے جاری مہم ’’میری مسجد کا دورہ کریں‘‘ میں شرکت کی۔ برطانیہ میں 2015ء سے ہر سال منعقد ہونے والی اس مہم کا مقصد بین المذاہب مکالمے کو مضبوط بنانا ہے۔ مہم کے حوالے سے منعقدہ تقریب کی منتظم برٹش مسلم کونسل نے ٹوئٹر پر وزیراعظم تھریسامے کی حجاب میں تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں وہ اتوار کے روز ملک کے جنوب مشرق میں واقع کاؤنٹی برکشائر کی میڈن ہیڈ مسجد میں خطاب کر رہی ہیں۔ تھریسامے نے اپنے مسجد کے دورے کے بارے میں کہا کہ یہ اسلام کا تعارف حاصل کرنے کے لیے ایک قیمتی موقع ہے اور اس بات کی یقین دہانی کے لیے کہ یہ امن و سلامتی کا مذہب ہے۔ مذکورہ پروگرام میں برطانیہ کی کئی نمایاں سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ ان میں لندن کے میئر صادق خان اور لیبر پارٹی کے سربراہ جیرمی کوربن شامل ہیں۔ تقریب کے سلسلے میں برطانیہ کے مختلف علاقوں میں 200 سے زیادہ مساجد نے ملک میں رہنے والے دیگر مذاہب کے لوگوں کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ہیں۔ اُدھر مسلم برٹش کونسل کے سکرٹری جنرل ہارون خان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس مہم کے تحت برطانیہ میں سب سے زیادہ مساجد نے لوگوں کے لیے اپنے دروازے کھولے۔
برطانیہ ؍ تھریسامے