سراج الحق کا 4 ملکی فٹبال رڑورنامنٹ کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں عشائیہ

450
لاہور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق 4ملکی فٹ بال ٹورنمنٹ کے شرکا کو اپنی طرف سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کررہے ہیں، ترک سفیر اور برازیلین نائب سفیر بھی موجود ہیں
لاہور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق 4ملکی فٹ بال ٹورنمنٹ کے شرکا کو اپنی طرف سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کررہے ہیں، ترک سفیر اور برازیلین نائب سفیر بھی موجود ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)اسلام آباد میں پاکستان ، ترکی ، برازیل اور نیپال کے درمیان کھیلے گئے 4 ملکی فٹ بال ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے عشائیہ دیا ،جس میں ترک سفیر مصطفی یرداکل اور برازیل کے نائب سفیرفیبیو شاویز نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر چاروں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے تعارف بھی کرایا گیا ۔ تقریب میں ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت
اسلامی عبدالغفار عزیر بھی موجود تھے ۔ عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پوری انسانیت اور مخلوق اللہ کا کنبہ اور ایک انسان آدمؑ کی اولاد ہے ۔ حکومتوں اور ممالک کو چاہیے کہ وہ جنگوں کے بجائے اپنے عوام کو تعلیم ، صحت اور روزگار دینے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے مختلف کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کا اہتمام کریں جن سے مختلف ملکوں میں بسنے والے لوگوں کے درمیان محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ مثبت سرگرمیوں کے فروغ سے صحت مند ماحول اور مثبت سوچ پیدا ہوتی ہے جس سے انسانوں کے درمیان اخوت و محبت بڑھتی ہے ۔ ایک دوسرے کے حالات سے آگاہی ہوتی ہے اور باہمی عزت و احترام کے رشتے پروان چڑھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام دنیا بھر کے انسانوں کو محبت کی لڑی میں پرو کر ان کے درمیان نفرتوں کی آگ کو بجھانا چاہتاہے ۔ اگر مختلف ممالک کے لوگ ان مثبت سرگرمیوں کے ذریعے اپنے درمیان امن کو فروغ دیں تو عالمی امن کے قیام اور جنگ و جدل کے خاتمے کے لیے نہایت مؤثر ثابت ہوسکتاہے ۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی طرف سے چاروں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو فٹ بال کے تحائف بھی دیے گئے۔