سال2018 لاہور قلندرز کے اٹھ کھڑے ہونے کا ہے، برینڈن میک کولم

98

دبئی(نمائندہ خصوصی)لاہور قلندرز کے کپتان برینڈین میک کولم نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ 2 سیزن ٹیم کیلئے مایوس کن رہے لیکن یہ سال لاہور قلندرز کے اٹھ کھڑے ہونے کا ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں نیوزی لینڈ کے دھواں دار بیٹسمین اور پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم نے کہا کہ 2 سال مایوس کن رہے لیکن یہ سال قلندرز کے اٹھ کھڑے ہونے کا ہے، پاکستان سپر لیگ میں اس بار قلندرز کے مداحوں کو مایوسی نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ وہ لاہور قلندرز کا حصہ بننے پر نہایت پرجوش ہیں اور ٹیم میں کافی اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔برینڈن میک کولم نے کہا کہ وہ فخر زمان کے کھیل سے بہت متاثر ہوئے ہیں اور امید ہے کہ اس سال لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان جارحانہ کھیل پیش کریں گے۔
خیال رہے کہ دبئی میں 22 فروری سے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز ہوگا جبکہ لاہور قلندرز اپنا پہلا میچ نئی ٹیم ملتان سلطانز کے خلاف 23 فروری کو کھیلے گا۔