راؤ انوارکوبہادربچہ کہنے پرآصف زرداری کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع

170

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف نے راؤ انوار کو بہادر بچہ کہنے پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔

پی ٹی آئی رہنما ء خرم شیر زمان کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ راؤ انوار کے حق میں آصف زرداری کے بیان کی مذمت کرتے ہیں ، راؤ انوار نے کئی جعلی مقابلوں میں بے گناہوں کو مارا، اردو بولنے والے بھی جعلی مقابلوں کی بھینٹ چڑھے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آصف زرداری کراچی کے عوام سے معافی مانگیں۔

میڈیا سے گفتگو میں خرم شیر زمان نے کہا کہ آصف زرداری نے راؤ انوار کو بہادر بچہ کہا، قوم کو پتہ چل گیا یہ زرداری کا بچہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا آصف زرداری کی نظر میں 444قتل ٹھیک ہیں ،آصف زرداری کو شرم آنی چاہیے۔

خرم شیر زمان نے آئی جی سندھ سے راؤ انوار کی گرفتاری اورزرداری ہاؤس میں چھاپہ مارنے کا بھی مطالبہ کیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے چیف جسٹس سے آصف زرداری کی طلبی اور بیان پر نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔