ایران کا مسافر طیارہ گرکر تباہ،66 افراد ہلاک

564

ایران کا مسافر طیارہ اصفہان کے قریب کھیتوں میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 66 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت تہران سے یسوج جاتے ہوئےصوبہ اصفہان کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار عملے کے 6 افراد سمیت تمام 66 مسافر ہلاک ہوگئے جن میں دو سیکیورٹی گارڈز، دو خدمت گزار، ایک پائلٹ اور ایک معاون پائلٹ بھی شامل ہے۔

ایرانی حکام نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ ایران کی ’آسمان ائیرلائن‘ کا مسافر طیارہ دارالحکومت تہران سے یسوج شہر جارہا تھااس کا ریڈار سے رابطہ منقطع ہوگیا اور صوبہ اصفہان کی پہاڑیوں سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کردی گئیں لیکن خراب موسم کے باعث امدادی کارروائیوں میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔

ایرانی حکام نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ‘اے ٹی آر 72’ نجی ہوائی کمپنی آسمان ایئرلائن کا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس کمپنی کے طیارے ایران کے دور دراز علاقوں تک سفر کے لیے زیادہ استعمال ہوتے ہیں کیونکہ اس کمپنی کو ایسے علاقوں میں طیارے لے جانے کی مہارت حاصل ہے جبکہ یہ طیارے بین الاقوامی سفر بھی کرتے ہیں۔