سہ ملکی سیریز ،آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی میں بڑا ہدف حاصل کرکے نیا عالمی ریاکارڈ بنا لیا 

123
آکلینڈ : نیوزی لینڈ کے بلے باز مارٹن گپٹل سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کے خلاف سنچری بنانے کے بعد شائقین سے داد وصول کرتے ہوئے ‘دوسری طرف کریز سے باہر نکل کر شاٹ کھیل رہے ہیں 
آکلینڈ : نیوزی لینڈ کے بلے باز مارٹن گپٹل سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کے خلاف سنچری بنانے کے بعد شائقین سے داد وصول کرتے ہوئے ‘دوسری طرف کریز سے باہر نکل کر شاٹ کھیل رہے ہیں 

آکلینڈ (جسارت نیوز) سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں ڈی آرسی شارٹ اور ڈیوڈ وارنر کی نصف سنچریاں، مارٹن گپٹل کی سنچری پر بھاری پڑ گئیں، آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں بڑا ہدف حاصل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، کینگروز نے کیویز کو 5 وکٹوں سے شکست دی، آسٹریلوی ٹیم نے 244 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی5ویں گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، ڈی آرسی شارٹ اور ڈیوڈ وارنر نے 121 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، آرسی شارٹ 76 اور وارنر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ایرون فنچ نے 14 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کیویز کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ڈی آرسی شارٹ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ گزشتہ روز آکلینڈ میں سہ ملکی سیریز کے سلسلے میں کھیلے گئے 5ویں میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، گپٹل اور منرو نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کینگروز بولرز کی خوب دھنائی کی اور ٹیم کو 132 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، اینڈریو ٹائی نے منرو کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، منرو نے 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی اننگز کھیلی، سیفرٹ 12 رنز بنا سکے، 212 کے ا سکور پر نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ گری جب گپٹل جو کہ جارحانہ بیٹنگ کر رہے تھے 105 رنز بنانے کے بعد ٹائی کی گیند کا نشانہ بنے، گپٹل نے 54 گیندوں پر 9 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 105 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، چیمپئن 16 کولن ڈی گرینڈ ہوم 3 اور کپتان ولیمسن ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، روز ٹیلر 17 اور ویلر ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، رچرڈسن اور ٹائی نے 2، 2 اسٹین لیک اور ایگر نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 18.5 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کیا، وارنر اور ڈی آرسی شارٹ نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 121 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے اس کی جیت کی بنیاد رکھی، اسی دوران دونوں نے نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، سودھی نے وارنر کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، وارنر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کرس لین 18 رنز بنا کر گرینڈہوم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس موقع پر ڈی آرسی شارٹ نے میکسویل کے ساتھ مل کر ا سکور 199 رنز تک پہنچا کر اسے فتح کے قریب پہنچا دیا، میکسویل 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 217 رنزکے ا سکور پر بوٹ نے آرسی شارٹ کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، شارٹ 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسٹوئنس 4 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد ایرون فنچ نے 14 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ بولٹ، ٹم ساؤتھی، آئش سودی اور گرینڈ ہوم نے ایک، ایک وکٹ لی۔