حاجی رزاق جانو ٹرسٹ نابینا پن کے خلاف جہاد کررہاہے ، ریئر ایڈمرل معظم الیاس

125
عبد الرحیم جانو چیئرمین حاجی رزاق جانو میموریل ٹرسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس(ہلال امتیاز ملٹری)کوشیلڈ پیش کر رہے ہیں
عبد الرحیم جانو چیئرمین حاجی رزاق جانو میموریل ٹرسٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس(ہلال امتیاز ملٹری)کوشیلڈ پیش کر رہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) عبد الرحیم جانو نے اور ماڑہ اور گوادر میں حالیہ منعقد کیے گئے فری آئی کیمپوں میں پاکستان نیوی کی جانب سے فراہم کردہ شاندار خدمات کے اعتراف میں اپنی رہائشگاہ پر پاکستان نیوی کے کوسٹ کمانڈر ریئر ایڈمرل معظم الیاس(ہلال امتیاز ملٹری)اور ان کی ٹیم کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیااس موقع پر حاجی رزاق جانو میموریل ٹرسٹ کے وائس چیئرمین اکرم نورانی ، پاکستان کے ممتاز آنکھوں کے سرجن ڈاکٹر سید محمد آصف، ڈاکٹر ایوب میمن ، ڈاکٹر یوسف میمن اور رضاکاروں کی ٹیم کے علاوہ رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان REAPکے سینئر وائس چیئرمین رفیق سلیمان ،ممبر مینیجنگ کمیٹی REAPجاوید جیلانی ، محمد حسین کھانڈوالا ، جاوید تار محمد، اشفاق غفار وغیر ہ موجود تھے ۔عبد الرحیم جانو نے ان دونوں کیمپوں میں پاکستان نیوی کے تمام افسران بالخصوص ریئر ایڈمرل معظم الیاس(ہلال امتیاز ملٹری)، کموڈور راحت احمد اعوان اور کمانڈر اشرف غوری کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نیوی کے تمام افسران اور جوانوں نے روایتی جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کیا۔
اور ہمیں ہر مرحلے پر شاندار سہولیات فراہم کیں ۔ انہوں نے انسانیت کی خدمت کے لیے پاکستان نیوی کی بے مثال خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹرسٹ پاکستان نیوی کے تعاون سے ہر سال ان مقامات کے علاوہ پسنی، تربت اور چوہڑ جمالی میں بھی فری آئی کیمپ منعقد کرے گاا ور پاکستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے رہنے والے ضرورتمند اور مستحق لوگوں کو جدید ترین ٹیکنا لوجی کے ذریعے آنکھوں کے علاج کی مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی جس کی وہ استطاعت نہیں رکھتے۔ ریئر ایڈمرل معظم الیاس(ہلال امتیاز ملٹری)نے گوادر اور اورماڑہ میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے فری آئی کیمپ کے انعقاد پر حاجی رزاق جانو میموریل ٹرسٹ کے چیئرمین عبد الرحیم جانو کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ نابینا پن کے خلاف جہاد میں حاجی رزاق جانو میموریل ٹرسٹ کی کوششیں قابل ستائش ہیں ۔ انہوں نے آئندہ بھی اس سلسلے میں پاکستا ن نیوی کی جانب سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ تقریب کے اختتام پر حاجی رزاق جانو میموریل ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرحیم جانو نے ریئر ایڈمرل معظم الیاس(ہلال امتیاز ملٹری)کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔