اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے ٹنپن باؤلنگ چمپئن شپ کا انعقاد

87
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ٹنپن باؤلنگ چمپئن شپ کاافتتاح کررہے ہیں 
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ٹنپن باؤلنگ چمپئن شپ کاافتتاح کررہے ہیں 

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ا سپورٹس کمیٹی نے دوسری دفعہ ٹنپن باؤلنگ چمپئن شپ کے انعقاد کا اہتمام کیا جس کا مقصد چیمبر کے ممبرز اور ان کے بچوں کو کھیلوں کی صحت مند سرگرمیوں میں شرکت کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے ۔ چمپئن شپ ایف سیون مرکز میں منعقد ہو رہی ہے جو دو دن جاری رہے گی۔ چمپئن شپ میں مردوں کے سنگل اور ٹیم، خواتین کے سنگل و ڈبل اور مشترکہ ٹیموں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ بچوں کے سنگل مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید چمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ صحت مند معاشرے کی تعمیر کے لیے ٹنپن باؤلنگ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نوجوان آبادی والا ملک ہے اور ہمارے نوجوان تمام کھیلوں میں آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ملک کے طول و عرض میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بہتر ماحول کو فروغ دے اور تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرے جس سے صحت مند معاشرہ فروغ پائے گا۔
انہوں نے چیمبر کی ا سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ناصر محمود چوہدری اور کمیٹی کے تمام ممبران کو ٹنپن باؤلنگ چمپئن شپ کا انعقاد کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ چمپئن شپ کا سہرا ناصر محمود چوہدری، باؤلنگ کے نیشنل چمپئن اعجاز خان اور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر توصیف زمان کو جاتا ہے جنہوں نے چمپئن شپ کے انعقاد کے لیے انتھک محنت کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ا سپورٹس کمیٹی چیمبر کے ممبرز اور دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی کوشش کرے گی تا کہ تاجر برادری کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی بھرپور شرکت کرے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نثار مرزا نے اپنے خطاب میں ا سپورٹس کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ کھیلوں کے فروغ کی کوششوں میں چیمبر کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گاتا کہ تاجروصنعتکار برادری کو صحت مند سرگرمیوں میں مصروف کر کے ان میں ا سپورٹس مین شپ ا سپرٹ کو فروغ دیا جا سکے۔چیمبر کی ا سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ناصر محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں چیمبر کے ممبرز اور ان کے بچوں کی طرف سے ٹنپن باؤلنگ چمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں بھرپور شرکت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ا سپورٹس کمیٹی کرکٹ، ہاکی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور باسنگ سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلے کرانے کے لیے بھی منصوبہ بندی کر رہی ہے تا کہ چیمبر کے ممبرز ان کھیلوں میں شرکت کر کے صحت مند معاشرے کی تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر باصر داؤد، اشفاق حسین چھٹہ، محمد فہیم خان، توصیف زمان، امین الرحمان، ضیا چوہدری اور محترمہ ناصرہ علی سمیت تاجر برادری کی بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی ٹنپن باؤلنگ میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ۔