قائمہ کمیٹی کا مجاملہ ویزوں کی تفصیلات فراہم نہ کیے جانے پر اظہار افسوس

561

اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی چیئر پرسن و ممبر قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے وزارت مذہبی امور کی جانب سے مجاملہ ویزوں کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت کے افسران کمیٹیوں کی سفارشات اور ہدایات کو مکمل طور پر نظر انداز کر رہے ہیں اور اگر یہی صورتحال رہی تو معاملے کو استحقاق کمیٹی، نیب اور ایف آئی اے کے سپرد کر دیا جائے گا۔ آن لائن سے بات چیت کرتے ہوئے شگفتہ جمانی نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کے افسران قائمہ کمیٹیوں کو ہر معاملے میں نظر انداز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حج کے موقع پر سعودی سفارت خانے سے ملنے والے ویزوں کو مجاملہ ویزوں میں تبدیل کرنے کی شکایات پر کمیٹی نے وزارت سے تمام تفصیلات طلب کی تھیں تاہم ابھی تک وزارت کی جانب سے یہ تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ مجاملہ ویزوں پر حج کی ادائیگی کیلیے جانے والے افراد کو سعودی عرب میں سرکاری رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی تھیں جس کی وجہ سے وزارت کے اسٹاف اور سرکاری حج اسکیم کے تحت حج پر جانے والوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کی جانب سے نئی حج پالیسی پر بھی قومی اسمبلی کی کمیٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا ہے اور نہ ہی اس کی تفصیلات سے کمیٹی کو آگاہ کیا گیا ہے جو کہ نہایت افسوسناک ہے۔ اگر وزارت کی جانب سے گزشتہ سال سعودی حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے مجاملہ ویزوں پر فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے جانے والے افراد کی فہرستیں فراہم نہ کی گئیں تو معاملہ قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی کے سپردکرنے کے ساتھ ساتھ نیب اور ایف آئی اے کو بھی خطوط لکھے جائیں گے۔