عوام کے مفاد میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، عبدالمجید اچکزئی

418

کوئٹہ (آن لائن) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین عبدالمجید خان اچکزئی نے کہا ہے کہ عوام کے مفاد کی خاطر ہم قربانی دینے کو تیار ہیں، صوبے میں کرپشن کو ختم کرکے ہی دم لیں گے، کرپشن ختم کیے بغیر صوبے میں ترقی ناممکن ہے، ہمیں صوبے کے حقوق پر آواز اٹھانے کی سزا دی گئی، عوام کی طاقت سے ہی جمہوریت مضبوط ہو سکتی ہے اور عوام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود اور قبائلی عمائدین سے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تقاضا یہی ہے کہ ہم عوام کی خدمت کریں جب تک ہم عوام کی خدمت نہیں کرینگے تو کوئی بھی عوام کا خدامت نہیں کرے گا ملک میں جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اور کسی بھی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کرینگے اور ان تمام راستوں میں رکاوٹیں پیدا کرینگے جو جمہوریت کے خلاف ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ جیل میں اصلاحات کر دی گئیں اب جیل میں کسی کے ساتھ بھی زیادتی نہیں ہو گی اور ہم نے وہاں رہ کر جیل کو بہتر بنایا اور اپنے فنڈز سے جیل میں کئی ترقیاتی کام مکمل کیے۔ تمام قیدیوں کیلیے کمپیوٹرز اور ناظرہ کی کلاسز شروع کر دیں اور مستقبل میں مزید بھی اقدامات اٹھائیں گے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم صوبے اور عوام پر توجہ دیں اب کرپشن کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دینگے اور جو بھی کرپشن کرے گا ان سے ضرور احتساب کرینگے۔