نوجوان نیکی کے فروغ اور برائی کے خاتمے کے لیے منظم ہوں‘حافظ ادریس 

455

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے منصورہ میں جاری کارکنان کی تربیتی ورکشاپ سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں ۔ دنیا کی تاریخ میں جو مثالی انقلاب حضور نبی اکرمؐ کی قیادت میں برپاہوا ، اس میں نوجوان صحابہ کرامؓ کا کردار بہت نمایاں تھا ۔ کسی بھی قوم کی قسمت بدلنے کے لیے نوجوان نسل کی فکر و سوچ اور عمل و رویے بدلنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ نوجوان اگر نیکی کے فروغ اور برائی و بے حیائی کے خاتمے کے لیے منظم ہو جائیں تو پاکستان عالم اسلام کی قیادت کر سکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج کا دور علم و سائنس اور ٹیکنالوجی و ابلاغیات کا دور کہلاتاہے ۔ صحابہ کرامؓ نے اپنے دور کے تمام علوم و فنون اور جنگی امور میں اعلیٰ درجے کی مہارت حاصل کر لی تھی ۔ دنیا کی نام نہاد سپر طاقتیں جو اسلام کو مٹانا چاہتی تھیں ، صحابہ کرامؓ نے ان کو ملیا میٹ کر کے رکھ دیا تھا ۔ آج ہمارا دشمن بھارت امریکا کی شہ پر ہمارے وجود کو ختم کرنا چاہتاہے ۔ غیرت مند مسلم نوجوانوں کو اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے علم و عمل کے ہر میدان میں منظم کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ باطل اور حق کے مقابلے میں حق کا غلبہ یقینی ہوتاہے مگر شرط یہ ہے کہ حق کا دعویٰ کرنے والوں کا عمل اپنے دعوے کے مطابق ہو۔ منافق حکمرانوں اور کرپٹ مافیا سے حقیقی نجات کا میابی کے لیے لازمی شرط ہے ۔تربیت گاہ میں ملک کے چاروں صوبوں اور کشمیر و بلتستان سے بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے ہیں ۔ اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔