اسٹیون اسمتھ سب سے کم اننگز میں 23سنچریاں بناکر سب سے تیز بلے باز قرار

515

سید پرویز قیصر

میلبورن میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میں آسڑیلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے438 منٹ میں275 گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر102 رنز بنائے اور یہ ٹیسٹ برابر کرایا۔ ایشیز سریز میں یہ لگاتار 14فیصلہ کن ٹیسٹ میچوں کے بعدپہلا ٹیسٹ تھا جو برابر رہا۔ اس وقت آسڑیلیا 3-0 سے آگے ہے۔ اسٹیون اسمتھ کی یہ سنچری وقت اور گیند کے حساب سے انکی سب سے سست سنچری بھی تھی۔ اسٹیون اسمتھ کی یہ سنچری 60ویں ٹیسٹ کی110 ویں اننگ میں23 ویں تھی ۔ وہ سب سے کم اننگز ایسا کرنے والے تیسرے بلے باز بنے۔ سب سے کم اننگز میں 23 سنچریاں بنانے والے بلے باز آسڑیلیا کے ڈان بریڈمین ہیں جنہوں نے ایسا39 ویں ٹیسٹ کی59 ویں اننگ میں کیا تھا۔ بھارت کے سنیل گواسکرنے اپنی 23 ویں سنچری61 ویں ٹیسٹ کی109 اننگز میں بنائی تھی۔پاکستان کے محمد یوسف 23 سنچریاں بنانے والے چوتھے سب سے تیز بلے باز تھے۔ انہوں نے ایسا73 ویں ٹیسٹ کی122 ویں اننگزکے دوران کیا تھا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بھارت کے سچن ٹنڈولکر سب سے تیز23 سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں5ویں مقام پر ہیں۔ انہوں نے ایسا 78 ویں ٹیسٹ کی123 ویں اننگ میں کیا تھا۔اسٹیون اسمتھ نے موجودہ سریز میں ابھی 4 ٹیسٹ میچوں کی 6اننگز میں بلے بازی کی ہے مگر وہ ایک ایشیز سریز میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کپتانوں کا ریکارڈ برابر کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ان سے پہلے آسڑیلیا کے 3 اور انگلینڈ کے ایک کپتان نے ایک سریز میں 3 سنچریاں بنانے کا اعزازحاصل کیا تھا۔ آسڑیلیا کے ڈان بریڈمین نے 2 مرتبہ ایک سیریز میں 3 سنچریاں بنائی تھیں۔ انہوں نے ایسا پہلی مرتبہ اپنے گھر پر 1936-37میں کیا تھا تب وہ5 ٹیسٹ میچوں کی 9 اننگز میں810 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے جس میں3 سنچریوں کے ساتھ ساتھ ایک نصف سنچری بھی شامل تھی۔ دوسری مرتبہ انہوں نے1938 میں انگلینڈ میں کھیلی گئی سریز میں4 میچوں کی 6 اننگز میں 3 سنچریوں اور ایک نصف سنچریوں کی مدد سے434 رنز بنائے تھے۔ایشیز سریز میں 3 سنچریاں بنانے والے پہلے کپتان وارویک آرمسٹرونگ تھے۔ انہوں نے1920-21 میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلی گئی5 ٹیسٹ میچوں کی سریز میں 7اننگز میں 3 سنچریوں کی مدد سے464 رنز بنائے تھے۔ایسا کرنے والے انگلینڈ کے واحد کپتان ڈیوڈ گاور ہیں جو1985 میں انگلینڈ میں کھیلی گئی 6 ٹیسٹ میچوں کی سریز میں9 اننگز میں 3 سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے732 رنزبنانے میں کامیاب رہے تھے۔