***۔۔۔۔۔۔خیبرپختوننخوا ۔۔۔۔۔۔***

481

پشاور (آئی این پی ) ڈائریکٹوریٹ سپورٹس فاٹا کے زیر اہتمام تیسراگورنر فاٹا یوتھ فیسٹیول 25 دسمبر سے شروع ہوگا۔ محکمہ کھیل وثقافت خیبر ایجنسی کے مطابق خیبر ایجنسی کے اوپن ٹرائلز 10 دسمبر کو بروز اتوار جمرود اور لنڈی کوتل میں ہوں گے جس میں خیبر ایجنسی بھر سے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ ٹرائلز میں سائیکلنگ، فٹ بال، والی بال، باسکٹ بال، نیٹ بال، فیڈ بال کے ٹرائلز جمرود سپورٹس کمپلیکس جبکہ ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن کے گورنمنٹ کالج آف کامرس جمرود میں صبح 10 بجے، باڈی بلڈنگ اور ویٹ لیفٹنگ ٹرائلز لنڈی کوتل باڈی کلب میں دوپہر ایک بجے، آرچری اور اتھلیٹکس کے ٹرائلز قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں 11 بجے ہوں گے۔ کراٹے، ووشو اور جوجتستو کے ٹرائلز 11 دسمبر کو قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں دوپہر دو بجے ہوں گے۔ کھلاڑیوں کو کہاگیا ہے کہ ٹرائلز میں شرکت شناختی کارڈ، فارم ب اور دو عدد تصاویرہمراہ لائیں*پشاور کے سب سے بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ایسوسی ایشن کے صدر محمد علی کی صدارت میں گزشتہ روز ہنگامی اجلاس ہوا جس میں جنرل سیکرٹری محمد وارث خان سمیت درجہ چہارم ملازمین نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری محمد وارث خان نے کہا کہ بورڈ آف گورنر ڈاکٹر نوشیروان برکی کی ہدایت کے باوجود بھی اے ایچ ڈی طارق برکی کلاس فور ملازمین کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے مطالبات حل کرنے کے بجائے سیکڑوں کلاس فور ملازمین کے بچوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین کر ان کی تنخواہوں سے کٹوتی اور بند کر کے ان کو ذہنی اذیت کا شکار کر دیا۔اس سلسلے میں بارہ دسمبر کو ہیلتھ پروفیشنل الاونس اور جی پی فنڈ کے حصول کے لیے صوبائی کابینہ کا اجلاس بلایا گیا ہے جس میں پشاور ڈویژن کی کی کابینہ بمعہ ممبران شرکت کریں گے **ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز محکمہ کھیل کے زیر اہتمام قومی یوتھ کارنیوال آج پشاور میں شروع ہوگا جس میں ملک بھرکے ایک سو سے زائد تعلیمی اداروں اور دینی مدارس کے 2000 طلبہ حصہ لیں گے کارنیوال چار روز جاری رہے گا ابتدائی دو روز صوبائی مقابلے ہوں گے جن کے فاتح نوجوان آخری دو روز ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے منتخب 1500نوجوانوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں مقابلہ کریں گے صوبائی راؤنڈ کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ میں 15 لاکھ اور قومی راؤنڈ کے پوزیشن ہولڈرز میں 35 لاکھ روپے تقسیم کیے جائیں گے، خصوصی افراد اور خواجہ سراؤں کو وائلڈ کارڈ کے ذریعے کارنیوال میں شامل کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر کھیل محمود خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا**خیبرپختونخوا اسمبلی کی سلیکٹ کمیٹی برائے انسداد منشیات بل 2017 کا ایک اجلاس جمعرات کے روز صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کا کا خیل کی زیر صدارت اسمبلی سیکر ٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی، وزیر برائے اطلاعات ہیلتھ انجینئرنگ شاہ فرمان ، اراکین صوبائی اسمبلی انیسہ زیب طاہر خیلی ، فخر اعظم وزیر، محکمہ پولیس ، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں منشیات کے تدارک و کنٹرول کے لیے نئے قانون بنانے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا**وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے جیلخانہ جات ملک قاسم خان خٹک نے جمعہ کے روز ڈسٹرکٹ جیل کرک کو سنٹرل جیل کا درجہ دینے کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔اس موقع پر انسپکٹرجنرل جیلخانہ جات خیبر پختونخوا شاہداللہ، ڈپٹی کمشنر کرک شفیع اللہ، مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندے اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔انہوں نے اس موقع پر جیل کے مختلف بارکس کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کے مسائل سے سننے کے علاوہ فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا اور تمام قیدیوں کی سزا میں2ماہ کی معافی کا اعلان کیا۔