لاہور: چیئرمین اورقائم مقام پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تعیناتی چیلنج 

469

لاہور(آن لائن)چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اورقائم مقام پراسیکیوٹر جنرل نیب شاہ خاور کی تعیناتی کوہیومن رائٹس کمیشن کے روبرو چیلنج کر دیا گیا ۔بیرسٹر محمد جاوید اقبال جعفری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اورقائم مقام پراسیکیوٹر جنرل نیب شاہ خاور کی تعیناتی سے قبل اخبار میں اشتہار نہیں دیا گیا۔ نیب کے دونوں اعلیٰ ترین عہدوں پر من پسند افراد کی تعیناتی سے اہل امیدواروں کی حق تلفی ہوئی۔اہل امیدواروں کو یکساں مواقع نہ دے کرمیرٹ کی خلاف ورزی کی گئی اور امتیازی سلوک برتا گیا،آئین کے تحت کسی شہری سے امتیازی سلوک نہیں برتا جا سکتا۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے قائم نیب کے ادارے میں موجودکرپشن کے بارے میں عدالت عظمیٰ کے ججز اظہار برہمی کر چکے ہیں، میرٹ پر پورا اترنے والے امیدواروں کی تعیناتی کیے بغیرنیب کے ادارے کے اندر اورباہر کرپشن ختم نہیں کی جا سکتی۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ سابق چیئرمین نیب اور سابق پراسیکیوٹر نیب کو بھی میرٹ کے برعکس تعینات کیا گیاتھا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ہیومین رائٹس کمیشن چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اورقائم مقام پراسیکیوٹر جنرل نیب شاہ خاور کی میرٹ کے برعکس تعیناتی کالعدم قرار دے، میرٹ پر نئی تعیناتی ہونے تک دونوں عہدیداروں کی تنخواہیں اور مراعات آدھی کرنے کا حکم دیا جائے۔