حیدرآباد ؛نیو ائیر نائٹ پرریس ،آتش بازی کرنیوالوں کیخلاف کاروائی کا فیصلہ 

451

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)حیدرآباد پولیس 31 دسمبر کو ہائی الرٹ رہے گی، نوجوانوں اندھا دھند ریس لگانے ،ہوائی فائرنگ و آتش بازی سے باز رکھے گی۔تمام تھانہ جات کو ہدایت کی گئی ہے کہ آتش بازی کے سامان کی تیاری اور خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کریں۔ اور ہوائی فائرنگ و آتش بازی کرنے والوں کو موقع پر گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔گیسٹ ہاؤسز ، ریسٹ ہاوسز اور ہوٹلز کی سرچ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔کسی بھی قسم کا اسلحہ اپنے پاس رکھنے ، ساتھ لے کر چلنے اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی،ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے اقدامات کرے گی ۔میمن اسپتال چوک، فقیر کا پڑھ چوک، پھلیلی برج، پنجرہ پول چوک، مارکیٹ ٹاور چوک، تلک چاڑی، سینٹ میری چوک،سٹی تھانہ چوک، کینٹ بازار، انرجی چوک، چاندنی چوک، گل سینٹر چوک کینٹ شاپنگ سینٹر، جیم خانہ چوک، حیدر چوک، کوہ نور چوک، ٹھنڈی سڑک، شہباز بلڈنگ چوک، کینٹ قبرستان روڈ، جان عالم چوک، آتو بھان روڈ، لطیف آباد روڈ، یونٹ روڈ، یونٹ نمبر 2-6 روڈ سمیت 70 سے زائد مقامات پر پولیس پکٹ قائم کی جارہی ہیں۔ 25سے زائد مقامات پر رینجرز کی موبائلز تعینات ہونگی،جبکہ پولیس کی 5 خصوصی ریزرو پلاٹون ہر قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ایس ایس پی آفس میں موجود رہیں گی۔ حیدرآؓباد کی تاجر برادری کے تعاون سے تمام بازاراور دکانیں 31 دسمبر کو شام 7 بجے بندکردی جائینگی۔سینٹ میری چوک، جیم خانہ پاکستان چوک اور مددگار بیس کینٹ پر ایمرجنسی سینٹرز ہو نگے جہاں پر پولیس کے ساتھ فائربریگیڈ اور ایمرجنسی ایمبولینس وغیرہ کی فراہمی کے لیے ڈی سی حیدرآباد کو درخواست کی گئی ہے ۔