سعودی ولی عہد کا سیسی کو فون چرچ پر حملے کی مذمت

456

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کی قیادت نے مصر کے شہر حلوان میں جمعہ کے روز چرچ میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائی کی شدید مذمت کی ہے ۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک پیغام میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے مارمینا چرچ پر ہونے والے حملے کی مذمت کی جب کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر السیسی کو واقعے کے بعد فون کیا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں مصری صدر سے کہا ہے کہ حلوان میں ایک عیسائی عبادت گاہ پر دہشت گردوں کے حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر انہیں گہرا دکھ ہے ۔ دہشت گردی کی اس مجرمانہ واردات کے خلاف سعودی عرب مصر کے ساتھ ہے ۔ ہم مجرمانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جاری مصری کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد مصر کو عدم استحکام سے دوچار کرنا اور ملک میں مذہبی منافرت کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔ قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کو ٹیلیفون کرکے حلوان میں دہشت گردی کی کارروائی کی شدید مذمت کی۔