کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کے طلبہ رضا کارانہ پروگرام میں انچاسویں بیچ کی تقسیم اسناد کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام سال میں دو مرتبہ موسم گرما اور سرما کی چھٹیوں کے دوران منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں طالب علموں کو معاشرے میں ایک دوسرے کے دکھ درد بانٹنے، مریضوں کی دیکھ بھال بنیادی اصولوں میں تربیت دی جاتی ہے۔ یاد رہے اس پروگرام کا آغاز 2006ء میں کیا گیا اور اب تک ساڑھے 5 ہزار سے زائد طلبہ اسناد حاصل کر چکے
ہیں۔ فلاحی رضا کارانہ پروگرام کو اس طرح مرتب کیا گیا ہے کہ طلبہ کو دکھی انسانیت کے مسائل کو سمجھنے کا موقع ملے اور ایک مثبت رجحان کے ساتھ یہ نہ صرف اپنے بلکہ معاشرے کے موجودہ مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے میں کام یاب ہو سکیں۔ یہ تربیتی پروگرام 30 گھنٹوں کے دورانیے پر مشتمل ہے، جس کے ذریعے طلبہ کو خدمت خلق، بنیادی طبی خدمات اور فرسٹ ایڈ کے حوالے سے عملی تربیت دی جاتی ہے۔ فلاحی رضا کاروں کو مریضوں کے علاج معالجے کی بنیادی خدمات کے اصولوں اور شعبہ جات سے بھی روشناس کرایا جاتا ہے۔ اس پروگرام میں ہائی اسکول، انٹر میڈیٹ، او اور اے لیول کے طلبہ ایس آئی یو ٹی کی اوپی ڈی، ریڈیالوجی، کلینیکل لیبارٹری، کینسر، میڈیکل اور سرجیکل سائنسز کے شعبہ جات کے بارے میں آگہی حاصل کرتے ہیں۔ دوران تربیت انہیں دوسروں کے دکھ درد بانٹنے، سمجھنے اور ان کی عیادت اور دیکھ بھال کے بارے میں آگہی ملتی ہے اور رضا کاروں کے طرز فکر میں مثبت رجحان پیدا ہوتا ہے۔ موسم سرما کے اس پروگرام کے تحت 132 طلبہ کو معاشرے میں بے لوث خدمت، مریضوں کی دیکھ بھال سے متعلق ضروری امور اور اچھی صحت کے بنیادی اصول بتائے گئے۔ اس تقریب میں ایس آئی یو ٹی کے ڈائلائسز اور ٹرانسپلانٹ کے مریضوں نے اپنی کہانیاں سنائیں، انہوں نے پرفارم بھی کیا اور تقاریر بھی کیں جسے شرکا نے بے حد سراہا۔ اس موقع پر طلبہ، والدین اور اساتذہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔