کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں آئے دن ہو نے والے بدترین ٹریفک جام اور روز بروز ٹریفک کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باوجود ٹریفک پولیس 2017ء میں جرمانوں کی مدمیں 50کروڑ 17لاکھ روپے سے زائد کی رقم کمالی ، رقم 23لاکھ 43ہزار سے ٹریفک چالانوں کے ذریعے حاصل کی گئی۔ٹریفک پولیس نے رواں سال کے دوران شہریوں کو جرمانے اوران کی وصولیوں کی تفصیلات جاری کردیں ۔ تفصیلات کے مطابق سال 2017 ء میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ٹریفک پولیس نے غیر ذمے دار ڈرائیورز کی جیبوں سے50 کروڑ 17لاکھ ، 80 ہزار 50 روپے جرمانے کی مد میں وصول کیے۔ٹریفک پولیس کی سالانہ رپورٹ کے مطابق کل 23 لاکھ 43 ہزار 978 چالان کیے گئے۔ کل 21 لاکھ 22 ہزار 477 چالان شہریوں کی جانب سے ادا کیے گئے۔ 6 لاکھ 75 ہزار 291 بغیر ہیلمٹس والوں کے چالان کاٹے گئے۔ ون وے خلاف ورزی پر 5 لاکھ 54 ہزار 453 چالان ہوئے ، ٹریفک اشاروں کی خلاف ورزی پر شہریوں کے 2 ہزار 781 ، فینسی نمبر پلیٹ پر 4 ہزار 903، تیز رفتاری اور غیرذمے دارانہ ڈرائیونگ پر 18 ہزار 41 چالان ہوئے۔