امین صادق نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ،اسامہ رضی

1056
جماعت اسلامی کے نائب امیر اسامہ رضی ادارہ نور حق میں امین صادق تعزیتی ریفرنس سے خطاب کررہے ہیں ہیں
جماعت اسلامی کے نائب امیر اسامہ رضی ادارہ نور حق میں امین صادق تعزیتی ریفرنس سے خطاب کررہے ہیں ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امین صادق مرحوم نے اپنے دور طالبعلمی اورشعوری زندگی کے آغا ز سے لے کر لے کر آخری سانس تک اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ، وہ تحریک اسلامی کی فکر کے ترجمان رہے ،جو بھی پلیٹ فارم انہیں میسر آیا وہ دعوت اور دین حق کا پرچار کرتے رہے ۔مرحوم نے ابلاغ کے نئے شعبوں میں جاکر تحریک کے لیے راستہ نکالا ۔ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ میڈیا کے پر آشوب میدان میں امین صادق بھائی نے تحریک اسلامی کے کام کے دروازے کھولے ، اصلاحی اور بامعنی ڈرامے، سمع و بصر پروجیکٹ ، جسارت کے ادارے سے وابستگی یا ملی و تحریکی ترانوں کی ریکارڈنگ وکمپوزنگ کا میدان ہو امین صادق اولین فرد تھے، جنہوں نے اس پر خار وادی میں قدم رکھا اور آنے والے تحریکی افراد کوراستہ دکھایا ، ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کیسے پورا ہوگا اس کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیر
جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ بن رضی نے مرحوم امین صادق کی یاد میں ادا ر ہ نور حق میں پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ ’’تعزیتی ریفرنس ‘‘سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تعزیتی ریفرنس سے سربرا ہ پبلک ایڈ کراچی و ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے اپنے تاثرات میں امین صادق کے مضبوط تحریکی تعلق اور ان کی مولانا مودودی ؒ کے پیغام و طریقہ کار پر کامل پختگی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں تحریک کا سپاہی قرار دیا۔ تعزیتی ریفرنس کی نظامت انجینئر اعجاز احمد نے کی جبکہ امین صادق مرحوم کی یاد میں امجد محمود نے منظوم خراج تحسین پیش کیا۔ ریفرنس میں امریکا سے آئے ہوئے ان کے قریبی دوست ڈاکٹر آفا ق اختر ، ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی کراچی حافظ عبدا لواحد شیخ، ڈاکٹر اورنگزیب رہبر ، نائب صدر پبلک ایڈ طارق جمیل ، انجینئر بشیر لاکھانی ، جنرل سیکرٹری پبلک ایڈ نجیب ایوبی ،پاسبان پاکستان کے صدر انجینئر الطاف شکور ، محمد طارق خان ، امین صادق مرحوم کے صاحبزادے اسید امین اور بھائی عادل رحیم نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ تعزیتی اجلاس میں نائب امیر جما عت اسلامی مظفر ہاشمی ،سیکرٹری کراچی عبدالوہاب ، ڈپٹی سیکرٹری کراچی راشد قریشی ،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، الخدمت فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر مالک ،انجینئر فورم کے انجینئر عزیز الدین ظفر ، راجا عارف سلطان ، الخدمت کراچی کے قاضی صدر الدین ،قریبی ساتھی ،دوست احباب مرحوم کے اہل خانہ اور عزیزو اقارب اور رفقا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔