بینظیر کو قتل کرا کے زرداری جائداد اور پارٹی کا مالک بن گیا، پرویز مشرف

930

اسلام آباد(آن لائن)آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ وسابق صدرجنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے میرے خلاف غیر مناسب باتیں کی تو آگ لگا دوں گا،بینظیر کو قتل کراکے آصف علی زرداری جائداد اور پارٹی کا مالک بن گیا، میرا آرمی سے کوئی رابطہ نہیں، نواز شریف کو دباؤ ڈالنے کی بیماری ہے آرمی کو دباؤ میں لانے کے لیے مجھ پر الزامات لگا رہے ہیں۔ ہفتے کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے قتل پر پیپلز پارٹی کی جانب سے الزامات پر متعدد بار رد عمل دے چکا ہوں،بینظیر اور بینظیر کے بھائی کو آصف علی زرداری نے ہی قتل کرایا ہے،آصف علی زرداری نے میرے خلاف نعرے لگوائے جس پر مجھے غصہ آیا اس وجہ سے میں نے سخت جواب دیا،بینظیر کے قتل پر صرف پولیس کو سزا دینا غیر مناسب ہے،بینظیر کے قتل میں طالبان لیڈر بیت اللہ محسود تھا اور بیت اللہ محسود کے پیچھے آصف علی زرداری ہے،ثبوت میں نے پیش کیے جس میں آصف علی زرداری بینظیر کے قتل میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ میں غیر مناسب باتیں کرنے کا عادی نہیں ہوں، بلاول غلط بات کرتا ہے اس کو بات کرنے کی تمیز اور تہذیب ہونی چا ہیے، میرے خلاف جلسے میں نعرے لگوا رہا ہے کہ میں قاتل ہوں ، کیایہ درست عمل ہے ، پھر میں نے جواب دیا تو ان کو آگ لگ گئی، میرے خلاف باتیں کریں گے تو میں ان کو آگ لگا دوں گا،بلاول جب ملک کا وزیراعظم بنے گا وہ قیامت کا ہی دن ہو گا، بلاول کے خلاف غصے میں بیان دیا،میں نے جتنا خواتین کو 8سال میں بااختیار کیا اتنا تو بے نظیر نے اپنی دور مدت میں بھی نہیں کیا، صوبائی اور قومی اسمبلی میں جوخواتین بیٹھی ہیں میری وجہ سے ہیں، میں نے خواتین کو پاکستان میں طاقت اور عزت دی ہے۔