رنگا رنگ فیملی ایکسپو اینڈ ٹیلنٹ ایوارڈ کا آغاز‘ ناصر حسین شاہ‘ معراج الہدیٰ اور حافظ نعیم نے افتتاح کیا

566
صوبائی وزیراطلاعات ناصرحسین شاہ‘ امیر جماعت اسلامی سندھ معراج الہدیٰ ‘ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر فیملی ایکسپو اینڈ ٹیلنٹ ایوارڈ2017کا افتتاح کررہے ہیں‘
صوبائی وزیراطلاعات ناصرحسین شاہ‘ امیر جماعت اسلامی سندھ معراج الہدیٰ ‘ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر فیملی ایکسپو اینڈ ٹیلنٹ ایوارڈ2017کا افتتاح کررہے ہیں‘

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان بزنس فورم کے تحت ایکسپو سینٹر میں 2 روزہ رنگا رنگ فیملی ایکسپو اینڈ ٹیلنٹ ایوارڈ 2017ء کا آغازہوگیاہے ۔’’اٹھو آگے بڑھو کراچی ‘‘ اس کا سلوگن ہے ، صوبائی وزیر برائے اطلاعات و نشریات ناصر حسین شاہ ، امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن ، پاکستان بزنس فورم کے شکیل ہاشمی اور دیگر نے افتتاح کیا ، مختلف اسٹالوں کا دورہ کیا اور منتظمین کو ایک شاندار ایونٹ کے انعقاد پر خراج تحسین اور مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے کہ اس کی تمام آمدنی بیٹھک اسکول پروجیکٹ پر خرچ کی جائے گی۔بیٹھک اسکول پروجیکٹ کی جانب سے کراچی اور اس کے مضافات میں کچی آبادیوں ، گاؤں ،گوٹھوں اور پسماندہ بستیوں میں سالہا سال سے نادار طلبہ و طالبات کو مفت تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔ پاکستان بزنس فورم کا یہ علم دوست اقدام مستقبل کے معماروں کے لیے انتہائی سود مند ثابت ہوگا۔رکن قومی اسمبلی و جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے بھی فیملی ایکسپو کا دورہ کیا اور بزنس فورم اور بیٹھک اسکول کی کاوشوں کو سراہا ۔ اس موقع پر نائب امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی ، عرفان اللہ والا، انجینئر عبد العزیز ، لیاقت عبد اللہ، جنید مکاتی ، محمد قطب و دیگر موجود تھے۔فیملی ایکسپو میں شہر بھر سے اسکولوں کے طلبہ و طالبات ، مردوخواتین اساتذہ، فیملیز اور مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہاکہ آج کا یہ ایونٹ نہایت اہمیت کاحامل ہے اس کامیاب ایونٹ پر جماعت اسلامی اور خصوصاً پاکستان بزنس فورم خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے دن رات محنت کر کے اس شاندار ایونٹ کو منعقد کیا ۔یہ بہت زیادہ کارآمد اور مفید ثابت ہوگا اورسب سے بڑی بات یہ کہ اس سے جو آمدنی حاصل ہوگی وہ بزنس فورم بیٹھک اسکول پروجیکٹ کے توسط سے غریب اور مستحق گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کی تعلیم میں خرچ کرے گا۔جماعت اسلامی اور بزنس فورم کے تعاون سے بیٹھک اسکول غریب بچوں کو مفت تعلیم دے رہے ہیں جو انتہائی خوش آئند ہے،حقیقت میں یہ کام حکومت کے کرنے کے ہیں ۔میں شکریہ ادا کرتاہوں اس ایونٹ کی پوری ٹیم کا جو تعلیم کے فروغ کے لیے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء پاکستان کے لیے امن کا سال ثابت ہوگا اور جتنے بھی شر پسند عناصر ہیں سب کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں کے ایم سی اورواٹر بورڈ نہ صرف مالی لحاظ سے بلکہ ہر لحاظ سے بہت ہی مستحکم تھے لیکن 2005ء میں جب ایم کیوایم نام نہاد مسیحا بن کر آئی تو اس کے بعد سے ادارے تباہ و برباد ہوگئے ہیں ،آج ان کے پاس تنخواہوں کے پیسے نہیں ہیں ،50کروڑ ماہانہ سندھ گورنمنٹ بلدیاتی حکومت کو بجلی کے بل اور ان کی تنخواہوں کے لیے دیتی ہے اس سب کے باجود شہر میں ان کا کوئی کام نہیں نظر آرہا ، صفائی کا نظام درہم برہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم جو ترقیاتی کاموں کا سہرا اپنے سر لیتی ہے یہ سارے ترقیاتی کام نعمت اللہ خان کے دورمیں کیے گئے ، میں اس وقت خود شہری حکومت میں شامل تھا ۔آج ہم ان سے 300ارب روپے کا حساب مانگتے ہیں جو ان کوپرویز مشرف نے دیے تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج کے اس شاندار ایونٹ کی آمدنی بیٹھک اسکول کے لیے مختص کی گئی ہے ،جو ہماری خواتین بہنیں چلاتی ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں غریب بچوں کو تعلیم دی جارہی ہے۔ یہ پروگرام کراچی کے تمام لوگوں کا ہے ، کراچی کی رونقیں بحال ہورہی ہے ،شہر میں معاشی سرگرمیاں بڑھنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں ، ہم سمجھتے ہیں کہ اہل کراچی کو آگے بڑھ کر اس پروگرام میں حصہ لینا اوراس بہترین مقصد میں ساتھ دیناچاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کو اس پروگرام میں خوش آمدید کہتے ہیں ۔ یہ پروگرام کسی پارٹی کا ، کسی حکومت کا نہیں ہے ۔اس پروگرام کو پاکستان بزنس فورم نے ترتیب دیا ہے ، کراچی کے شہری اس پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

فیملی ایکسپو میں عثمان پبلک اسکول کا اسٹال توجہ کا مرکز رہا

کراچی( اسٹاف رپورٹر )پاکستان بزنس فورم کے تحت ایکسپوسینٹر میں میگا فیملی ایکسپو کے موقع پر عثمان پبلک اسکول کی

صوبائی وزیراطلاعات ناصرحسین شاہ‘ امیر جماعت اسلامی سندھ معراج الہدیٰ ‘ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر فیملی ایکسپو اینڈ ٹیلنٹ ایوارڈ2017کے مختلف اسٹالز کا دورہ کررہے ہیں
صوبائی وزیراطلاعات ناصرحسین شاہ‘ امیر جماعت اسلامی سندھ معراج الہدیٰ ‘ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر فیملی ایکسپو اینڈ ٹیلنٹ ایوارڈ2017کے مختلف اسٹالز کا دورہ کررہے ہیں

جانب سے بھی اسٹال لگایا گیا۔اسٹال میں طلبہ و طالبات کے درمیان تقریری مقابلے کا انعقاد بھی کیا گیا۔اس موقع پر طلبہ و طالبات بڑی تعداد میں شریک تھے ۔اس کے علاوہ نعت خوانی کا مقابلہ بھی ہوا۔جبکہ 8ہزار سے زائد انعامات طلبہ و طالبات میں تقسیم کیے گئے ۔اس موقع پر وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ ،امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الر حمن ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر عثمان پبلک اسکولز معین الدین نے بھی عثمان پبلک اسکول کے اسٹال کا دورہ کیا۔ اس کے علاوہ بھی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عام افراد نے بڑی تعداد میں عثمان پبلک اسکول کے تحت لگائے گئے اسٹال کادورہ کیا اور عثمان پبلک اسکول کی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا۔

اسٹالوں کی خوبصورت تزین و آرائش‘ طلبہ کے لیے تفریحی پروگرامات

کراچی( اسٹاف رپورٹر)فیملی ایکسپو میں طلبہ و طالبات ، فیملیز اور بچوں کے لیے تفریح و معلومات کی فراہمی کا بھرپور انتظام کیا گیا ہے ۔ کتابوں سمیت مختلف مصنوعات کے اسٹالز لگائے گئے ہیں ، جہاں پر کمپنی ریٹ پر اشیا دستیاب ہیں۔ ہونہار اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو یادگاری شیلڈز اور ایوارڈ بھی دیے گئے ۔طلبہ و طالبات میں تقریری مقابلے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جبکہ بچوں نے ٹیبلو او ر خاکے بھی پیش کیے ، فیملی ایکسپو میں عثمان پبلک اسکول سمیت مختلف اسکولوں اور اداروں نے اسٹال لگائے ہیں جن میں الخدمت کاٹیج ، مکتبہ نورحق ، عمیر ثنا فاؤنڈیشن اور دیگر شامل ہیں۔تمام اسٹالوں کی بہت خوبصورتی سے تزین و آرائش کی گئی ہے ۔

روزنامہ جسارت کے اسٹال پر یادگاری شمارے توجہ کا مرکز رہے

وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ فلسطین سے متعلق جسارت کی وال پر دستخط کررہے ہیں
وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ فلسطین سے متعلق جسارت کی وال پر دستخط کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) فیملی ایکسپو اینڈ ٹیلنٹ ایوارڈ 2017ء میں روزنامہ جسارت کا خوبصورت اسٹال بھی مہمانوں کی توجہ کا مرکز رہا ، جسارت کے اسٹال پر عالمی و ملکی حالات سے متعلق یادگاری شمارے آویزاں کیے گئے ہیں ، جو طلبہ وطالبات کے لیے انمول ہیں ، مختلف سیاسی ، سماجی و مذہبی شخصیات نے جسارت کے اسٹال کا دورہ کیا ۔

جدید طرز پر قرآن فہمی سے متعلق کیرکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا اسٹال

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) فیملی ایکسپو اینڈ ٹیلنٹ ایوارڈ 2017ء میں کیرکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا اسٹال بھی ہے ،اس اسٹال پر جدید طرز پر آوازوں کے ذریعے آسان طریقے سے قرآن مجید پڑھنے اور فہم قرآن پر مشتمل کتب اور سی ڈیز موجود ہیں، جسے شرکا نے خوب سراہا ۔طلبہ و طالبات نے اس اسٹال میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی ، پورے دن اسٹال پر رش لگا رہا۔

 

’’اٹھو آگے بڑھو‘‘ کراچی کے عنوان سے اسٹال کا اہتمام

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) فیملی ایکسپو اینڈ ٹیلنٹ ایوارڈ 2017ء میں جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے طلبہ اور نوجوانوں کے لیے’’ اٹھو آگے بڑھو‘‘ کے عنوان کے تحت اسٹال لگایا گیا ہے ، ہفتے کے روز بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات اور نوجوانوں نے اسٹال کا دورہ کیا، اسٹال پر شہر اور خصوصاً تعلیمی مسائل کے حوالے سے نوجوانوں کو اس حوالے سے کردار کرنے کے لیے آگاہی دی جارہی ہے ۔ ایکسپو میں آئے ہوئے افراد نے جماعت اسلامی کی اس کاوش کو سراہا اور اسے وقت کی ضرورت قرار دیا۔

11c