گٹکاکینسرکاسبب ہے،استعمال سے پرہیز کیاجائے،الیاس قادری

312

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیردعوت اسلامی محمد الیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ جس طرح ہم اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا مانگتے ہیں اوروہ قبول بھی ہوجاتی ہے مگر بعض اوقات اس کا اثر ظاہر نہیں ہوتا تو ہم ناامید نہیں ہوتے بلکہ دعا اور کوشش جاری رکھتے ہیں ،مراد پوری نہ ہونے میں ہماری بہتری ہوتی ہے جو ہمیں سمجھ نہیں آتی۔ کیونکہ ہمیں وہی نعمتیں ملتی ہیں جو ہمارے حق میں بہتر ہوتی ہیں۔ ان خیالات
کا اظہار انہوں نے دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں مدنی مذاکرے سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پان‘ گٹکا کینسر کا سبب ہے اس لیے اس کے کھانے سے پرہیز کیا جائے،پان گٹکا کھانے والوں کے منہ میں پہلے پہل چھالہ ہوتا ہے پھر وہ چھالہ بڑھتے بڑھتے کینسر کی شکل اختیار کرلیتا ہے اور زندگی بھر کا روگ لگ جاتا ہے ۔لہٰذا اپنی جان اور اہل خانہ کا خیال کرتے ہوئے پان گٹکاکھانے سے پرہیز کریں۔ اگر آپ کو کچھ ہوگیا تو آپ کے ساتھ اہل خانہ بھی تکلیف میں آجائیں گے۔اپنی رقم کواپنی صحت تباہ کرنے کے لیے استعمال نہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ انسان خود کو غلطی سے پاک نہ سمجھے‘ ہم معصوم نہیں غلطی کرسکتے ہیں۔اگر آپ حق پر ہیں اور کوئی آ پ پر اعتراض کرے تو بھی غصہ نہ کریں اور نہ ہی اس کے ساتھ گفتگو کا انداز تبدیل کریں ،بلکہ احسن انداز میں اپنا مؤقف سمجھائیں۔
الیاس قادری