نجی شعبہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلیے کردار ادا کرے، احسن اقبال

195
اسلام آباد: وزیرداخلہ احسن اقبال دھرنے کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کی عیادت کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیرداخلہ احسن اقبال دھرنے کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کی عیادت کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی برائے ترقی، اصلاحات و امور داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نجی شعبے کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ترقی میں تیزی لانے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے فریم ورک اور مختلف مواقع کے ذریعے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام پائیدار ترقی سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری چین پاکستان
اقتصادی راہداری کے تحت کاروباری مواقع میں سرمایہ کاری کرے۔ صنعتوں کے بنیادی ڈھانچوں میں بہتری لائی جائے اور ویلیو ایڈڈ صنعت پر توجہ دی جائے، جس سے عالمی معیشت میں مسابقتی تجارت کے لیے پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے بہتر ہے، جب معیشت زوال کا شکار تھی، مقامی صنعتیں تقریباً بند تھیں اور روزانہ 18 سے 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان توانائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے جبکہ ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر میں بہتری لائی گئی ہے۔ اب یہ مرحلہ پاکستان کے صنعتی تعاون میں شامل ہونے کا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور 2030ء تک یہ 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔