داخلی انتشار جاری رہا تو حملے ہوتے رہیں گے ،احسن اقبال

229
پشاور: وزیرداخلہ احسن اقبال دہشت گرد حملے کے زخمی طالب علم کی عیادت کررہے ہیں
پشاور: وزیرداخلہ احسن اقبال دہشت گرد حملے کے زخمی طالب علم کی عیادت کررہے ہیں

پشاور،نارووال(اے پی پی+صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بیرونی اور اندرونی دشمن پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔وہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زرعی ڈائریکٹوریٹ حملے میں زخمیوں کی عیادت کے
بعدمیڈیاسے گفتگوکررہے تھے، اس موقع پرگورنرخیبرپختونخوااقبال ظفرجھگڑااور وزیر اعظم کے مشیر انجینئرامیرمقام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ احسن اقبال کاکہناتھاکہ پاک فوج اور خیبرپختونخوا پولیس کی کارکردگی قابل ستائش ہے، ملک داخلی انتشار کا شکار ہو تو بیرونی و اندرونی دشمن ایسے وار کریں گے تاہم تمام اداروں نے دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہیدوں کے خون کو نہیں بھولیں گے اور دہشت گردوں کا ہرصورت پیچھاکیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ بیرونی اور اندرونی دشمن پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں لیکن قوم کو دہشت گردی کے خلاف یکجا ہونا پڑے گا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے نارووال پبلک اسکول میں محکمہ ایجو کیشن کے زیر اہتمام ہونے والے مقابلہ حسن قرات و نعت رسول مقبول ﷺ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں نفرتوں کا کھیل کھیلا جارہا ہے، اللہ کا شکر ہے گزشتہ ہفتوں میں ہم فسادات سے بچ گئے، ختم نبوت کے معاملے پر چند سیاستدانوں نے اپنی سیاست چمکائی،مسالک کی بنیاد پر فسادات کی سازش کی گئی،نبی کریمﷺدنیا میں رحمت بن کر آئے۔ آپﷺنے فرمایا جس نے ملاوٹ کی وہ ہم میں سے نہیں۔ فتوے لگانے والے امت کو نبی کریم ﷺکی اس حدیث کے بارے میں بھی بتائیں ۔ہمیں نبیﷺ کی تعلیمات اور سنت کو فروغ دینا ہو گا،دنیا میں ہم اس لیے بھی پیچھے رہ گئے کہ نبیﷺ کی تعلیمات اور روح کو بھلا دیا گیا ہے ۔