جامعات میں تحقیق کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ،گورنر 

174
گورنر سندھ محمد زبیر اور سابق وفاقی وزیر عطاالرحمن انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے جلسے میں اسنادتقسیم کررہے ہیں
گورنر سندھ محمد زبیر اور سابق وفاقی وزیر عطاالرحمن انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے جلسے میں اسنادتقسیم کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) گورنر سندھ محمد زبیر نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے جلسہ تقسیم اسناد 2017 ء میں شرکت کی، معروف ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمان ،آئی بی اے کے ڈین اور ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کانوکیشن میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 850 طالب علموں کو اسناد تفویض کی گئیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جامعات میں تحقیق کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے‘ تعلیم اور تربیت کی فراہمی کے لحاظ سے آئی بی اے نہایت معتبر ادارہ ہے اور اس سے فارغ التحصیل ہونے والے ہر شعبہ زندگی میں ملکی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ اپنی کارکردگی اور خدمات کے باعث آئی بی اے فخر پاکستان کہلائے جانے کا مستحق ہے جبکہ انسٹی ٹیوٹ میں جدید دور کے مطابق نصابی مواد کا استعمال لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم ہمارے تمام مسائل کا حل ہے کیونکہ اعلی تعلیم کے بغیر کو ئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا اسی لیے اعلی تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعات میں تحقیق کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے معروف ماہر تعلیم اور استاد پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ ڈاکٹر عطاء الرحمان کی خدمات کو ہر سطح پر خراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سرکاری جامعات میں تحقیق کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے آئی بی اے میں تعلیم یافتہ فیکلٹی کو ترجیح دیے جانے کو بھی سراہا اور کہا کہ اس کے ذریعے آئی بی اے کے معیار کو مزید بلند کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے فارغ التحصیل ہونے والوں کو اپنی اپنی فیلڈ میں محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئی بی اے نے انہیں تعلیم کے ذریعے کامیابی کا پلیٹ فارم مہیا کردیا ہے جسے استعمال کرکے وہ اپنے متعلقہ شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے طالب علموں کے والدین اور اساتذہ کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے میڈل حاصل کرنے والوں کے لیے گورنر ہاؤس میں توصیفی تقریب منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ڈاکٹر عطاء الرحمن نے اپنے خطاب میں سائنس و اختراع برائے سماجی و معاشی ترقی کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن بھی دی ۔