پاکستان کو لادین ریاست نہیں بننے دیں گے،معراج الہدی ٰ

75
امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، امیر ضلع بن قاسم عبدالجمیل خان، مرزا فرحان بیگ، مولانا منصور احمد قریشی کورنگی زمان ٹاؤن میں ’’عشق مصطفیؐ کانفرنس ‘‘ سے خطاب کررہے ہیں
امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، امیر ضلع بن قاسم عبدالجمیل خان، مرزا فرحان بیگ، مولانا منصور احمد قریشی کورنگی زمان ٹاؤن میں ’’عشق مصطفیؐ کانفرنس ‘‘ سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)ختم نبوت کا قانون ختم کرنے والے حکمراں خود ختم ہوجائیں گے۔ پاکستان کو لادینی ریاست نہیں بننے دیں گے۔ حضورﷺ کی ذات سے عشق ومحبت ہمارے ایمان کا جز ہے۔ یہ بات جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے تحت زمان ٹاؤن کورنگی شہید محمد اسلم مجاہد چوک پر ’’عشق مصطفی کانفرنس‘‘ سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے امیر عبد الجمیل خان، مرزا فرحان بیگ، مولانا منصور احمد قریشی، محمد قاسم خان اور رضوان نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا لیکن آج بھی یہاں انگریزوں کی حکمرانی ہے۔ قرآن وسنت کے نظام کے بجائے انگریزوں کا نظام قائم ہے۔ سود اللہ سے جنگ کے مترادف ہے اور حکمراں کھلے عام اللہ سے جنگ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضورﷺ سے عشق ومحبت ہمارے ایمان کا جز ہے۔ عشق مصطفیﷺ مسلمانوں کا قیمتی اثاثہ ہے اور نام محمدﷺ پر ہم اپنا سب کچھ قربان کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا عادلانہ نظام ہی دنیا کو سکون وچین فراہم کرسکتا ہے۔ امیر ضلع عبد الجمیل خان نے کہا کہ حضورﷺ کی سیرت طیبہ ہر دور میں ہمیں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ ہی سے ہمارے مسائل حل ہوں گے۔ مولانا منصور احمد قریشی نے کہا کہ حضورﷺ نے دعوت کے ذریعے اسلام کا عملی نفاذ کیا اور کفر کے اندھیروں میں اسلام کی شمع روشن کی۔ اسوہ رسولﷺ ہی فلاح ونجات کا راستہ ہے۔ مرزا فرحان بیگ نے کہا کہ قرآن پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا میں فلاح حاصل ہوسکتی ہے۔