دہلی کی فضائی آلودگی نے سری لنکن کھلاڑیوں کو ماسک پہننے پر مجبور کردیا

239

نئی دہلی میں بھارت اور سری لنکن ٹیم کے درمیان کھیلے جانے والی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ فضائی آلودگی کے باعث متاثر ہوا جب کہ مہمان کھلاڑی ماسک پہن کر فیلڈنگ کرتے رہے۔

نئی دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث سری لنکن ٹیم کو بولنگ اور فیلڈنگ میں دشواری کا سامنا رہا اور اس حوالے سے مہمان ٹیم کے کپتان دنیش چندیمل نے امپائر کو آگاہ کیا۔فیلڈنگ کے دوران دو لنکن کھلاڑیوں کی حالت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں میدان سے باہر جانا پڑا جب کہ دیگر کھلاڑی ماسک پہن کر فیلڈنگ اور بولنگ کرتے رہے۔ایک موقع پر سری لنکا کے دس کھلاڑی فیلڈ میں موجود تھے، جس کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا۔

 فضائی آلودگی کے باعث سری لنکن ٹیم کو بولنگ کرنے میں مشکل پیش آرہی تھی جس پر ویرات کوہلی نے پہلی اننگز پانچ سو چھتیس رنز ، سات کھلاڑی آٹ پر ڈکلیئر کی جبکہ  اسٹیڈیم میں فوری طور پر موسم کی جانچ پڑتال کرنے والے عملے کو بلایا جن کے مطابق ہوا کا تناسب پچھلے دن کی طرح ہی ریکارڈ کیا گیا اور موسم میں کوئی خاص تبدیلی نہیں دیکھی گئی جس پر میچ کو 15 منٹ کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آسٹریلیا ٹیم بھی نئی دلی میں ماحول کی خرابی پر اعتراض کرچکی ہے۔