شاہد خاقان عباسی روس پہنچ گئے‘ چینی وزیر اعظم سے ملاقات

603
سوچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی چینی ہم منصب سے مصافحہ کررہے ہیں
سوچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی چینی ہم منصب سے مصافحہ کررہے ہیں

سوچی (صباح نیوز+اے پی پی ) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کے درمیان روس کے شہر سوچی میں ملاقات ہوئی ،ایس سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات پر اظہار اطمینان اور شنگھائی تعاون تنظیم اور سیاسی معاشی تجارتی دفاعی اور اسٹریٹجک شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے چینی ہم منصب کو پولیٹیکل بیورو میں دوبارہ منتخب ہونے اور کمیونسٹ پارٹی کے 19ویں کانگریس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی، وزیر اعظم پاکستان نے چین کو اہم معاملات بشمول ون چائنا پر حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور چین کی زیر قیادت شنگھائی تعاون تنظیم کے مؤثر کردار کی ستائش کرتے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم کے اہداف کے حصول میں پاکستان کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ چینی وزیر اعظم نے بھی اسٹریٹجک شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم میں رکنیت سے خطے کے امن میں معاون ثابت ہو گا ۔قبل ازیں روسی وزیراعظم دمتری میدودوف کی دعوت پروزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی جمعرات کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان کے 16ویں اجلاس میں شرکت کے لیے روس کے شہر سوچی پہنچ گئے۔ ائرپورٹ پر کرانسو در ریجن کے ڈپٹی گورنر اور روس کی خارجہ امور کی وزارت کے چیف آف پروٹوکول نے ان کا استقبال کیا۔ روس میں پاکستان کے سفیر قاضی ایم خلیل اﷲ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔