جشن میلادا لنبی ﷺ آج انتہائی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا

358
اسلام آباد: 12ربیع الاول کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس اور ایوان صدرکو برقی قمقموں سے سجایاگیا ہے
اسلام آباد: 12ربیع الاول کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس اور ایوان صدرکو برقی قمقموں سے سجایاگیا ہے

اسلام آباد ، کراچی ، لاہور، پشاور ،کوئٹہ، ملتان ( خبر ایجنسیاں+ اسٹاف ر پورٹر)خاتم النبیین،رحمت اللعالمین، سرکار دوعالم، فخر موجودات،سرورکائنات حضرت محمدﷺ کا یوم ولادت آج 12 ربیع الاول بروزجمعہ کو ملک بھرمیں مذہبی جو ش و خروش اور عقیدت و احترام سے کے ساتھ منایاجائے گاجبکہ جشن عید میلاد النبیؐ کے شایا ن شان انعقاد کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔صدر مملکت ممنون حسین نے عید میلاد النبیؐ 1439ھ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نبی کریمؐ کی تعلیمات کا خلاصہ یہ ہے کہ زندگی کے ہر معاملے میں میانہ روی اختیار کی جائے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے قوم کو عید میلاد النبی ﷺ کے پرمسرت موقع پراہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہو ئے کہا ہے کہ اخوت اور امن و خیر سگالی کی فضا قائم کرنے کے لیے اسوہ رسول ﷺ کی پیروی ضروری ہے ،ہماری بقا اور دینی و دنیاوی کامیابی اسی اسوہ حسنہ کی مکمل پیروی پر منحصر ہے۔ علاوہ ازیں جشن عید میلاا لنبی ﷺ (آج) جمعہ کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ،صبح بہاراں کا آغاز مساجد میں قران خوانی ،اجتماعی دعاؤں اور درود و سلام سے ہوگا۔ ملک بھر میں میلاد کی محافل منعقد کی جائینگی جس سے علمائے کرام خطاب کریں گے۔اس موقع پر حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔اخبارات و رسائل عید میلا النبی کی منابست سے خصوصی مضامین و آرٹیکل شائع کریں گے ۔ ملک بھر میں سیرت النبی کانفرنس ہونگی ۔میلاد مصطفی کی خوشی میں پورے ملک کو روشنیوں سے سجایا گیا ہے ،سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا۔عید میلاد النبی کے شرکا کے لیے استقبالیہ کیمپ بھی لگائے گئے ہیں ، عید میلا النبی کی مناسبت سے نذر و نیاز کا بھی بھر پور اہتمام کیا گیا ہے جبکہ عید میلاد النبی کے موقع پر عالم اسلام اور پاکستان کی سلامتی ،ترقی و خوشحالی وامن کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی جائینگی ۔12 ربیع الاول کے جلوسوں اور اجتماع کی سیکورٹی کے لیے حکومت کی جانب سے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اسکاؤٹس کی مختلف تنظیمیں بھی اپنے فرائض انجام دیں گی ۔