بد عنوانی کے خاتمے کیلیے کاوشیں جہاد کے مترادف ہیں‘چیئرمین نیب

123
اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال تقریب سے خطاب کررہے ہیں
اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(اے پی پی)نیب کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بد عنوانی کے خاتمے کے لیے کاوشیں جہاد کے مترادف ہیں، ادارہ انسداد بدعنوانی کے لیے کمزور افراد کے بجائے بڑی مچھلیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا عزم رکھتا ہے۔ان خیالات کاظہار انہوں نے کرپشن کے مقدمات کے متاثرین کی رقوم کی واپسی کے لیے نیب ہیڈکوارٹرز میں تقریب سے خطاب کرتے
ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 179 میگا کرپشن مقدمات میں سے 96 مقدمات پر ریفرنسز متعلقہ مجاز عدالت مجاز دائر کیے جاچکے ہیں جبکہ دیگر میگا کرپشن کے مقدمات کو قانون کے مطابق جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا ہاتھ اب اوپر سے نیچے کی طرف بڑھے گا کیونکہ اس وقت ملک بھر میں عوام نے مختلف نجی اور کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں اربوں روپے کی پونجی سے سرمایہ کاری کی ہے مگر ان کوشیڈول کے مطابق پوری رقم ادا کرنے کے بعد پلاٹ ملے ہیں اور نہ ان کی رقم واپس ملی ہے جس کی وجہ سے غریب عوام ، سرکاری پنشنرز ، بیواؤں اور یتیم افراد سالہا سال سے اپنے جائز حقوق کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔