ختم نبوت پر کوئی عذر قبول کرنے کو تیار نہیں‘معراج الہدیٰ صدیقی

131
جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،مفتی ضیاالرحمن فاروقی و دیگر شاہ لطیف ٹاؤن میں شان مصطفیؐ کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں
جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،مفتی ضیاالرحمن فاروقی و دیگر شاہ لطیف ٹاؤن میں شان مصطفیؐ کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملک میں تبدیلی شریعت مصطفیﷺ کے ذریعے ہی آئے گی۔ اسوۂ رسولﷺ کے ذریعے ہی عزت حاصل ہوسکتی ہے۔ ایک انسان کو قتل کرنے والے نے ساری انسانیت کو قتل کیا ہے۔ امت مسلمہ مسئلہ ختم نبوت پر کوئی عذر قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔ دھرنے کے دوران 13افراد کی ہلاکت پر حکمراں اللہ کو کیا منہ دکھائیں گے۔ شان مصطفیﷺ اور عشق مصطفیﷺ ہمارے ایمان کا جز وہے۔ یہ بات امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے جماعت اسلامی شاہ لطیف ٹاؤن زون کے تحت شاہ لطیف ٹاؤن میں ’’شان مصطفیﷺ کانفرنس‘‘ سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی شاہ لطیف ٹاؤن مفتی ضیاء الرحمن فاروقی اور نائب امیر قدر گل نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ حکمرانوں نے سودی نظام کے ذریعے اللہ کے قہر کو آواز دی ہے۔ سودی نظام اللہ سے جنگ کے مترادف ہے۔ مسلمان حضورﷺ کے نام نامی پر قربان ہونا جانتے ہیں۔ پاکستان شمع رسالتﷺ کے پروانوں کا ملک ہے۔ اس ملک میں گستاخ رسولﷺ کی کوئی گنجائش اور جگہ نہیں ہے۔ حکمراں جان بوجھ کر حالات کو خراب کرنا چاہتے ہیں اور ہمارے ایمان کو چیلنج کیا جارہا ہے۔