سنی اتحاد کونسل کا 12 ربیع الاول کو اسلام آباد مارچ کا اعلان

230

لاہور (آئی این پی) چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ختم نبوتؐکے قانون میں ترمیم پر کردار ادا کرنے پر حکومت ختم نہ ہوئی تو 12 ربیع الاول کو لاکھوں افراد کے ساتھ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ختم نبوتؐ کے معاملے پر نہ نواز شریف کی طرف سے کوئی بیان آیا، نہ ان کی بیٹی اور بیٹوں نے کوئی بیان دیا اور نہ ہی پارٹی کے کسی دانشور نے کوئی بیان جاری کیا، سب خاموش تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد میرا یقین ختم ہوگیا کہ ختم نبوتؐ کے قانون میں کی گئی ترمیم نادانستہ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب یہ بل ایوان بالا میں پیش کیا گیا تو جے یو آئی(ف) کے سینیٹر حافظ حمد اللہ نے اس پر تحفظات ظاہر کیے، مگر اس وقت کے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ اس بل کو پہلی والی حالت میں بحال نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اسے حکومت کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نہ ہٹی تو متفقہ فیصلہ ہے کہ 12 ربیع الاول پر لاکھوں لوگوں کا جلوس اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گا اور ختم نبوتؐ قانون میں ترمیم کرنے پر حکومت کے خاتمے کا مطالبہ کرے گا۔