چین میں ایپل اور اینڈرائیڈ اسٹورز سے اسکائپ غائب

64

چین میں ایپل سمیت دیگر ایپ سٹورز سے اسکائپ کال اور میسج سروس کو ہٹا دیا گیا ہے۔ ایپل کا کہنا ہے کہ اس کی کئی دوسری ایپس میں سے ایک کو حکومت کی جانب سے یہ کہہ کر ہٹا دیا گیا ہے کہ یہ مقامی قانون سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ اسکائپ کی مالک کمپنی مائیکرو سافٹ نے بتایا ہے کہ اس ایپ کو ‘عارضی طور پر ہٹایا گیا ہے اور کمپنی ‘جلد از جلد ایپ کو بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ تاہم چین میں یہ ایپ اب اینڈرائیڈ ایپ 03aاسٹور پر بھی دستیاب نہیں ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اکتوبر میں ہی اسکائپ کی سروس میں خلل پڑنا شروع ہو گیا تھا۔ ایپل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‘ہمیں عوامی تحفظ کی وزارت نے مطلع کیا ہے کہ وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول ایپس مقامی قانون کے مطابق نہیں ہیں۔ اس لیے یہ ایپس چین کے ایپ اسٹور سے ہٹا دی گئی ہیں۔
مائیکرو سافٹ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ‘چین میں اسکائپ کے آئی او ایس ورژن کو عارضی طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔ ہم اسکائپ کے پیش کردہ فوائد کے بارے میں پرجوش ہیں جو وہ دنیا بھر میں صارفین کو مواصلات کی سہولت اور تعاون کو فروغ دینے کےلیے فراہم کرتا ہے۔ کمپنی نے اس بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ اسکائپ ایپ کو پہلی بار کب ہٹایا گیا یا اینڈرائیڈ کی کیا صورت حال ہے۔