بلیک فرائیڈے کے اشتہارات سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے‘ مریم اورنگزیب

285

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بلیک فرائیڈے کے اشتہارات سے مذہبی جذبات مجروح ہونے کا معاملہ عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہے۔پیر کو سینیٹ کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ فرائیڈے کے حوالے سے نا مناسب الفاظ کے استعمال سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کے حوالے سے پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس میں شکایت سنی جائے گی۔ کونسل سفارش کر سکتی ہے۔ پریس کونسل آف پاکستان بھی پرنٹ میڈیا کے حوالے سے شکایت کا قانون کے مطابق جائزہ لے سکتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کوئٹہ سے پشتونخوا میپ کے رہنما کو حراست میں لینے کے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔ پیٹرولیم مصنوعات کے معاملے پر نکتہ اعتراض کے جواب میں وزیر مملکت برائے پٹرولیم جام کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہمسایہ ملکوں سے کم ہیں،ہم عوام کو ریلیف دینے کی زیادہ کوشش کرتے ہیں۔ وزیر تجارت پرویز ملک نے کہا ہے کہ آزاد تجارت کے معاہدوں میں پاکستان کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، مختلف ملکوں کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدوں کے ذریعے پاکستان کی درآمدات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی بار دہشت گردی کے خلاف جنگ کا قومی بیانیہ تشکیل دیا جا رہا ہے،30 سال سے ہم جو جنگ لڑ رہے ہیں اس کے حوالے سے کوئی پالیسی نہیں بنی تھی۔