عوام علاقائی امور کے بجائے ملک کو ترجیح دیں‘ سعد حریری

164
بیروت: لبنانی وزیراعظم سعد حریری سالانہ عرب بینکاری کانفرنس میں خطاب کر رہے ہیں
بیروت: لبنانی وزیراعظم سعد حریری سالانہ عرب بینکاری کانفرنس میں خطاب کر رہے ہیں

بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنان کے وزیراعظم سعد حریری نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی وفاداریوں سے قطع نظر علاقائی امور پر توجہ دینے کے بجائے اپنے ملک کو اولیت دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لبنان کا سیاسی بحران ہماری آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہونا چاہیے۔ وہ 4 نومبر کو اپنے اچانک استعفے کے اعلان سے پیدا ہونے والے بحران کا حوالہ دے رہے تھے۔ انہوں نے سعودی دارالحکومت ریاض سے ایک نشری تقریر میں مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن بدھ کو وطن واپسی کے بعد انہوں نے صدر مشیل عون سے ملاقات کی اور ان سے مشاورت کے بعد اپنا استعفا واپس لے لیا تھا۔ سعد حریری نے بیروت میں منعقدہ سالانہ عرب بینکاری کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ گزرا ہوا وقت ہم سب کے لیے ایک سبق ہونا چاہیے اور ہمیں اپنے ارد گرد کے مسائل کی طرف دیکھنے کے بجائے لبنان کے مفادات پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ارد گرد مسائل بہت اہم ہیں لیکن لبنان سب سے اہم ہے۔ انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زوردیا کہ لبنان کو علاقائی تنازعات سے دور رہنے کی پالیسی پر عمل پیرا رہنا چاہیے اور ایسا صرف الفاظ سے نہیں بلکہ عمل سے بھی ہونا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہماری اصل تشویش ملکی استحکام ہے اور ہم اسی کے لیے کام کررہے ہیں۔ سعد حریری نے بدھ کو اپنے استعفے کو موخر کرنے کے فیصلے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ذمے دارانہ مکالمے کی راہ ہموار ہوگی۔اس سے اختلافی امور اور ان کے لبنان کے عرب بھائیوں کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے مضمرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ ان کی قیادت میں مستقبل تحریک نے ایک بیان میں ان کے استعفا واپس لینے کے فیصلے کو ایک دانش مندانہ قدم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس کے بعد مزید مشاورت کی جاسکے گی۔
سعد حریری