لاہور‘ شہید میجر اسحاق فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک 

168
لاہور:شہیدمیجر اسحاق کا جسدخاکی نمازجنازہ کے لیے لایاجارہاہے
لاہور:شہیدمیجر اسحاق کا جسدخاکی نمازجنازہ کے لیے لایاجارہاہے

راولپنڈی/ لاہور (اے پی پی+آن لائن) ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے میجر اسحاق کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ لاہور کے ایوب اسٹیڈیم میں شہید کی نماز جنازہ جمعرات کو ادا کی گئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض سمیت شہید کے اہلخانہ اور رشتہ
داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہیدمیجر کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کیولری گراؤنڈ قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے دستے نے شہید کو سلامی بھی دی۔ دوسری جانب میجر اسحاق شہید کی والدہ کا کہنا تھا کہ بیٹے کی میت جب گھر آئی تو میں روئی نہیں بلکہ دعا کی کہ اللہ بیٹے کی شہادت کو قبول فرمائے ۔ میجر اسحاق میرا سب سے چھوٹا اور لاڈلا بیٹا تھا جو مجھ سے بہت پیار کرتا تھا۔ واضح رہے کہ 28 سالہ شہید میجر اسحاق گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔ شہید میجر اسحاق کا تعلق خوشاب سے ہے اور وہ 6 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے، شہید کے پسماندگان میں بیوہ اور ایک سال کا بچہ شامل ہے۔