رابطہ مہم‘ حافظ نعیم کا گلبرگ اور ثمن آبادکا دورہ، عوام سے ملاقاتیں

224
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان ’’رابطہ عوام مہم‘‘ کے سلسلے میں گلبرگ اور ثمن آباد کے دورے کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کررہے ہیں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان ’’رابطہ عوام مہم‘‘ کے سلسلے میں گلبرگ اور ثمن آباد کے دورے کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں بڑے پیمانے پر ’’رابطہ عوام مہم ‘‘ تیزی سے جاری ہے اور جماعت اسلامی کے کارکنان اور ذمے داران بالکل نچلی سطح پر عام شہریوں ، مختلف طبقات و برادریوں کے مؤثر افراد اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد سے رابطہ کر رہے ہیں اور اب تک ہزاروں افراد سے رابطہ کیا جاچکا ہے ۔ عوام کی جانب سے جماعت اسلامی کو مسلسل پذیرائی مل رہی ہے اور کراچی کے شہری برسوں سے شہر پر مسلط رہنے اور عوام کے مسائل حل نہ کرنے والوں سے سخت نالاں ہیں ۔ رابطہ عوام مہم میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ۱ور دیگر رہنما بھی شریک ہیں ۔
حافظ نعیم الرحمن ضلع غربی ، شرقی ، جنوبی اور بن قاسم کا دورہ اور ملاقاتیں کرچکے ہیں۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ’’رابطہ عوام مہم ‘ ‘ کے سلسلے میں ضلع وسطی کے زون گلبرگ، ثمن آباد کا دورہ کیا۔ حافظ نعیم الرحمن گلبرگ بازار، ثمن آباد بازار گئے اور علاقہ مکینوں ، دکانداروں سمیت پیپلزپارٹی، سنی تحریک کے لوگوں اور بڑی تعداد میں نوجوانوں سے ملاقات کی۔ لوگوں نے نادرا، کے الیکٹرک اور کراچی کے دیگر مسائل پر جماعت اسلامی اور حافظ نعیم الرحمن کی جدوجہد کی تعریف کی۔حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ کراچی اور صوبائی حکومت کی نااہلی اور ناقص کارکردگی اور اپنی ذمے داریاں پوری کر نے کے بجائے ایک دوسرے پر الزام تراشیوں نے کراچی کو تباہی میں دھکیل دیا ہے اور شہریوں کی زندگی مصیبت بن گئی ہے۔صوبائی حکومت کہتی ہے کہ کراچی کو بڑا بجٹ دیا ہے لیکن میئر کراچی اختیارات اور وسائل کے نہ ہو نے کا رونا روتے ہیں۔ میئر کراچی عوام کو بتائیں کہ بلدیہ نے 27ارب روپے کا بجٹ کن کاموں پر لگایا؟انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کراچی کے عوام کا استحصال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دین کی طرف دعوت دیتی ہے ، عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ ایک بار پھر کراچی کے عوام کا استحصال کرنے اور دھوکا دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان کی ذمے داری ہے کہ گھر گھر جائیں ، عوام سے رابطہ کریں اور صحیح اور غلط کی پہچان کرائیں ورنہ پھر سے لسانی سیاست کراچی کو تاریکی میں دھکیل دے گی۔اس موقع پر ان کے ساتھ جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف، نائب امرا محمد احمد قاری، سید وجیہ حسن، امیر زون گلبرگ کامران سراج، قیم زون حسن حماد اور دیگر بھی تھے۔