رابطہ مہم کے ذریعے عوام اور دینی جماعتوں کو متحد کرنا چاہتے ہیں،اسد اللہ بھٹو

116
حیدر آباد: رابطہ عوامی مہم کے سلسلے میں لطیف آباد نمبر 7 میں لگائے جانے والے کیمپ سے اسد اللہ بھٹو خطاب کررہے ہیں،دوسری جانب شہریوں میں پمفلٹ تقسیم کیے جارہے ہیں
حیدر آباد: رابطہ عوامی مہم کے سلسلے میں لطیف آباد نمبر 7 میں لگائے جانے والے کیمپ سے اسد اللہ بھٹو خطاب کررہے ہیں،دوسری جانب شہریوں میں پمفلٹ تقسیم کیے جارہے ہیں

حیدرآباد/ڈہرکی(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹوایڈووکیٹ نے کہاہے کہ تمام جماعتیں انتخابات کی تیاریاں کررہی ہیں دینی جماعتیں بھی صف بندیاں کررہی ہیں اگلاسال دینی جماعتوں کی کامیابی کاہے ،جماعت اسلامی تمام دینی جماعتوں کوایک پلیٹ فارم پرمتحدکرناچاہتی ہے تاکہ دینی ووٹ بینک تقسیم نہ ہواور ملک کے نظریاتی تشخص کے ساتھ ساتھ جدیدفلاحی دورکاآغازہوسکے ،رابطہ عوام مہم عوام کوبیدارکرنے کی کوشش ہے کہ وہ جماعت اسلامی کادست وبازوبن سکیں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں کیمپوں اور شہریوں سے
خطاب کرتے ہوئے کیا۔نائب امیر جماعت اسلامی نے رابطہ عوام کیمپ زو ن وسطی اورزون لطیف آبادکے کیمپ کادورہ کیا،بعدازاں دکانداروں ،راہ گیروں کوجماعت اسلامی کاپیغام پہنچایا اور انہیں جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دی ۔ اسداللہ بھٹونے کہاکہ کرپشن کے خلاف کامیابی ہماری جدوجہدکانتیجہ ہے ان شاء اللہ بدعنوان عناصر جلدکیفرکردارتک پہنچیں گے ،ہمارے پاس ملک کوجدیداسلامی فلاحی ریاست میں بدلنے کاوژن ہے، جب کبھی جماعت اسلامی کے لوگوں کو جہاں موقع ملاہے عوام نے اس جگہ خوش گوارتبدیلی محسوس کی ہے اگلاسال انتخابات کاسال ہے عوام نے باری باری سب کوآزمایاہے اب وہ ہماری جانب دیکھ رہے ہیں، جماعت اسلامی 2018ء سے قبل تمام دینی جماعتوں کوایک پلیٹ فارم پر متحدکررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق امانت ودیانت کااستعارہ بن چکے ہیں، بدترین مخالف بھی ان کے کردارپر انگلی نہیں اٹھاسکتا،جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں قرآن وسنت کی بالادستی کے لیے اپنی صلاحیتیں صرف کررہی ہے، ان شاء اللہ جلد ملک میں اسلام کاسنہرانظام نافذہوگا۔اس موقع پر امیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآبادحافظ طاہرمجید، امیرزون وسطی محمدحنیف شیخ ،جنرل سیکرٹری لطیف آبادتوقیر عالم ودیگر نے بھی خطاب کیا۔دریں اثنا پاکستان بھر کی طرح ڈہرکی سمیت ضلع گھوٹکی میں بھی جماعت اسلامی پاکستان کی رابطہ عوام مہم زوروشور سے جاری ہے۔ عوامی اجتماعات کا انعقاداور شہر،شہر ، گاؤں،گاؤں جماعت اسلامی کی انقلاب اور تبدیلی کی دعوت عام پاکستانیوں تک پہنچانے کے لیے دعوتی وفود بھی نکالے گئے اور دعوتی کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں ڈہرکی سمیت ضلع بھر کے ارکان جماعت و کارکنان ا ور ذمے داران اور عوام نے بھر پور شرکت کی ۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی صوبہ سندھ پروفیسر عبدالحفیظ بجارانی ،امیر جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی پروفیسر تشکیل احمد صدیقی ، نائب امیر مولا نا محمد یوسف مزاری ،مولانا بشیر احمد کانجو اور جنرل سیکرٹری ضلع گھوٹکی نے شرکا سے خطاب کیا ۔