روہنگیا مسلمانوں کی بحالی ؛الخدمت نے تعلیم وصحت کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کردیا

339
کراچی: الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر عبدالشکور‘الخدمت خواتین کے تحت روہنگیا مسلمانوں کیلیے چیریٹی بازار کا افتتاح کررہے یہں‘ سمیحہ راحیل قاضی‘ دردانہ صدیقی ودیگر بھی موجودہیں
کراچی: الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر عبدالشکور‘الخدمت خواتین کے تحت روہنگیا مسلمانوں کیلیے چیریٹی بازار کا افتتاح کررہے یہں‘ سمیحہ راحیل قاضی‘ دردانہ صدیقی ودیگر بھی موجودہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت فاؤنڈیشن نے روہنگیا مسلمانوں کیلیے بڑے اور معیاری اسکول کے قیام اور بنگلادیش کے پناہ گزین کیمپوں میں مقیم لاکھوں مہاجرین کے بچوں کی تعلیم وصحت کیلیے کے منصوبے شروع کرنے کے ساتھ 500 لیڈی ہیلتھ ورکرز اور 500 سے زائد اساتذہ کو پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کا اعلان کر دیا، یہ اعلان الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر عبد الشکور نے الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ کے تحت روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں کی
امداد کیلیے منعقدہ چیریٹی بازار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی سفارت کار وسابق رکن قومی اسمبلی، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، صدر روہنگیا فیڈریشن انجینئر فردوس شیخ، جماعت اسلامی پاکستان خواتین کی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی، نویدہ انیس اور شعیب ہاشمی نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر اسسٹنٹ سیکرٹری الخدمت فاؤنڈیشن اعجاز اللہ خان الخدمت سندھ کے صدر ڈاکٹر تبسم جعفری، امیر ضلع غربی عبدالرزاق، راشد قریشی، طلعت ظہیر، شہناز اقبال ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے، بعد ازاں انہوں نے چیریٹی بازار کا افتتاح کیا، عبد الشکور نے کہا کہ عالم اسلام مشکل صورتحال سے دوچار ہے، عراق، یمن، شام اور افغانستان سمیت دنیا کے6 ممالک جغرافیہ کے لحاظ سے تو موجود ہیں لیکن یہ اصل میں تباہ ہوچکے ہیں، روہنگیا مسلمان پناہ گزین کیمپوں میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے بنگلا دیش دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ8 لاکھ مہاجرین بنگلا دیش کے کیمپوں میں ہیں، انہیں صحت، تعلیم، خوراک اور سینیٹری کے مسائل درپیش ہیں، ڈیڑھ لاکھ خواتین زچگی کے مسائل سے دوچار ہیں، بنگلا دیش کی حسینہ واجد سے خراب تعلقات کے باوجود ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے بنگلا دیشن میں روہنگیا مسلمانوں کی آباد کاری میں اہم کردار ادا کیا جس پر ہم ان کاشکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت پاکستان نے سب سے پہلے روہنگیا مسلمانوں کیلیے مہم کا آغاز کیا، الخدمت خواتین کا کردار شاندار ہے، انہیں مبارکباد پیش کر تا ہوں۔ انہوں نے کہا الخدمت نے پاکستان سمیت دنیا کی25 این جی اوز کو متحد کر کے استنبول میں ہونے والے حالیہ اجلاس میں روہنگیا مسلمانوں کیلے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں کہا کہ الخدمت روہنگیا مسلمانوں کیلیے بھرپور کام کر رہی ہے اور آئندہ بھی کریگی، کورنگی میں آباد روہنگیا مسلمانوں کیلیے کام کوسراہا اور وہاں جلد بڑے اور معیاری اسکول کے قیام کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ انسانیت کا درد ہمیں ورثے میں ملا ہے، ترکی میں پناہ گزین کانفرنس میں شرکت کی جہاں پاکستان کے کردار کو سراہا گیا کہ پاکستانی قوم وہ ہے جس نے سب سے زیادہ 30 سے40 لاکھ مہاجرین کو پناہ دی۔ انہوں نے روہنگیا مسلمانوں کی امداد کیلیے چیریٹی بازار کے انعقاد کو سراہا اور خواتین سے اپیل کی وہ بازار سے بھرپور خریداری کر کے نیک مقصدکے حصول کیلیے اپنا کردار ادا کریں، دردانہ صدیقی نے الخدمت وومن ٹرسٹ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ روہنگیا مسلمان کٹھن حالات سے گزر رہے ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ہم روہنگیا بہن بھائیوں کی مدد کریں، انجینئر فردوس شیخ نے روہنگیا مسلمانوں کی تاریخ اوران کی زندگیوں میں آنے والے نشیب وفراز پر روشنی ڈالی اور موجودہ بدترین حالات سے متعلق آگہی فراہم کی، نویدہ انیس نے کہا کہ الخدمت وومن ونگ کراچی میں آباد روہنگیا مسلمانوں کی بھرپور خدمت کر رہی ہے، اس کیلیے اراکان آباد کورنگی میں مسجد، مدرسہ قائم کیا، اسکول بنایا، خواتین کیلیے دستکاری سینٹر قائم کیا، کلینک میں یومیہ300 مریضوں کو علاج کی سہولتیں پہنچا رہے ہیں، ارکان آباد میں تمام خدمات پر 92 لاکھ روپے سالانہ خرچ کیے جا رہے ہیں، روہینگیا بچیوں کی شادی کے اخراجات اور بڑی مقدار میں راشن تقسیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ روہنگیا مسلمانوں کی دل کھول کر امداد کی جائے، اس موقع پر دردانہ صدیقی نے روہنگیا مسلمانوں کیلیے 50 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا اورمختلف اسکولوں کے بچوں نے جیب خرچ کی جمع کی ہوئی رقم محمد عبد الشکور کے حوالے کی۔