سنی تحریک کا آج ملک بھرمیں تحفظ ختم نبوت منانے کا اعلان

256
پریس کلب: سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری پریس کانفرنس کر رہے ہیں(فوٹو جسارت)
پریس کلب: سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری پریس کانفرنس کر رہے ہیں(فوٹو جسارت)

ٖکراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے آج جمعے کو ملک بھر میں تحفظ ختم نبوت منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد میں ختم نبوت کے تحفظ کے لیے قراردادیں منظور کی جائیں گی اور دھرنے کے شرکا سے اظہا ریکجہتی کیا جائے گا‘ ختم نبوت کے آئینی تحفظ اور سازشی عناصر کے خلاف تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ کے دھرنے کو اہلسنت تنظیموں اور عاشقان رسول کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما محمد شاہد غوری، سنی علما کونسل کے علامہ اشرف گورمانی، مفتی غلام مرتضیٰ مہروی، ارکان رابطہ کمیٹی محمد مبین قادری، فہیم الدین شیخ ، محمد شہزاد قادری، محمد طیب قادری اورآصف رضا قادری و دیگر موجود تھے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ تحریک لبیک یارسول کے دھرنے کے مطالبات شرعی، ایمانی اور آئینی ہیں ‘ حکمرانوں کے ریاستی مظالم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے‘ وزرا زاہد حامد اور انوشہ رحمن نے الیکشن ایکٹ2017ء میں حلف کو ختم کرنے کی سازش کی جسے عاشقان رسول نے بروقت احتجاج کرکے ناکام بنایا ہے‘ان کو وزارتوں سے فوری طور پر برطرف کیا جائے‘ حکومتی ٹولہ حقائق چھپانے کے بجائے 3 رکنی کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لائے‘ حکومت نے دھرنے کے مطالبات تسلیم نہیں کیے‘ ریاستی مظالم اور دھمکیوں کے سلسلے کو نہیں روکا گیا تو پھر کراچی سمیت ملک بھر سے پاکستان سنی تحریک کے کارکنان اور عوام اہلسنت کے قافلے فیض آباد پہنچیں گے‘ پاکستان سنی تحریک 11اور 12ربیع الاول عید میلاد النبی ﷺ فیض آباد کے دھرنے میں منائے گی‘اہلسنت کی پر امن پالیسی اور محب وطنی کو کمزوری سے تعبیر نہ کیا جائے۔