پاکستان مخالف اشتہاری مہم سے تعلق نہیں‘ برطانوی ہائی کمشنر

253

اسلام آباد (صباح نیوز) برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا ہے کہ لندن میں پاکستان مخالف اشتہاری مہم سے برطانوی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ‘بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور رہے گا۔ بدھ کو پاکستان میں متعین برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ پاکستان کی سالمیت اور جغرافیائی سلامتی کا مکمل احترام کرتا ہے‘ لندن میں بلوچستان کے بارے میں اشتہاری مہم پر پاکستان کے تاثرات کو بخوبی سمجھتے ہیں تاہم برطانوی حکومت کا ان بینرز کی تشہیر سے کوئی تعلق نہیں ‘بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور حصہ رہے گا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل دفتر خارجہ نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کو طلب کرکے لندن میں ٹیکسیوں پر پاکستان مخالف نعرے آویزاں کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔