نااہل نواز شریف کا شاہانہ پروٹوکول برقراررکھنے کاحکم 

390

اسلام آباد‘ لاہور(نمائندہ جسارت‘ آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف نااہل تو ہوگئے مگر ان کا شاہانہ پروٹوکول کم نہ ہوا۔ گزشتہ روز سابق نااہل وزیر اعظم نواز شریف نیب کی احتساب عدالت میں 23 گاڑیوں کے شاہانہ قافلے کے ساتھ پیش ہوئے، قافلے میں وفاقی وزرا کی بڑی تعداد بھی شامل تھی جبکہ کارکنان اپنے لیڈر کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے نواز شریف کی جاتی امرا میں رہائشگاہ کے اخراجات پورے کرنے اور فل پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ کیمپ آفس کا درجہ دے دیا اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پہلے ماڈل ٹاؤن میں 180ایچ کو وزیر اعلیٰ کیمپ آفس کا درجہ دیا تھا لیکن لاہور کے ضمنی الیکشن میں این اے 120پر جب تحریک انصاف نے اعتراض کیا کہ وہاں سے الیکشن مہم کی جاتی ہے تو پھر وزیرا علیٰ پنجاب نے 180 ایچ ماڈل ٹاؤن کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کا درجہ دے دیااور اب نااہلی کے باوجود بھی نواز شریف کو جاتی امرا میں رہائشگاہ پر وزیر اعظم ہاؤس کا پروٹوکول ملے گا۔