انڈر19 ایشیا کپ:پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

308

ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام انڈر19 ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 2 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کربنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی ،بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر274رنز بنائے۔بنگلہ دیش کی جانب سے اوپنر پناک گھوش 82 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، سیف حسن 61 رنز بنائے جب کہ عفیف حسین 52 پر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی جانب سے منیر ریاض نے 3، شاہین آفریدی، حسن خان اور محمد سلمان شفقات نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستان نے 5 وکٹیں گنوا کر 39 اوورز میں 199 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا اور ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر فیصلہ گرین شرٹس کے حق میں ہوا، صرف 2 رنز سے حاصل ہونے والی اس فتح نے پاکستان کو فائنل میں پہنچا دیا،پاکستان کی جانب سے محمد طحہ نے 92رنز بنائے، سعد خان 35 پر ناقابل شکست رہے، روحیل نذیر 26اور محمد محسن خان 22 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں اسکورر رہے۔