آئی جی سندھ نے گٹکے کی فروخت کا نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب

201

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں گٹکے کی فروخت بند کرانے میں پولیس کی مبینہ ناکامی کے حوالے سے اخبارات میں شائع ہونے والی خبر پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سخت نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے زونل ڈی آئی جیز سے گٹکے کی فروخت اور تیاری کی روک تھام کے حوالے سے تمام تھانہ جات کی کارکردگی رپورٹ کی تفصیلات فوری طور پر طلب کرتے ہوئے احکامات جاری کیے ہیں کہ ایسے کاروبار سے وابستہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص تھانہ ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں تمام دکانداروں کو باقاعدہ پابند کرائیں کہ وہ کسی بھی صورت گٹکا وغیرہ اور اس سے ملتی جلتی اشیاء کو فروخت کے لیے نہ رکھیں جبکہ دوسری جانب باقاعدہ نشاندہی کے تحت ایسے کارخانوں، گوداموں پر کامیاب چھاپہ مار کارروائیوں کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کارروائیوں میں کسی بھی قسم کی جانبداری اور رعایت یا غفلت ناقابل برداشت ہوگی اور مرتکب ٹھہرائے جانے والے افسران اور جوانوں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔