پابندی کے باوجود گٹکا اور مین پوری کی خریدو فر وخت جاری ہے

374

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی زون وسطی حیدر آباد کے امیر محمد حنیف شیخ نے کہا ہے کہ پابندی کے باوجود گٹکا اور مین پوری کی خریدو فر وخت جاری ہے شہر کے مرکزی علاقوں میں بلیک میں فروخت کی جاری ہے، پابندی کا حکم جاری ہوتے ہی گٹکا اور مین پوری بلیک میں فروخت کی جارہی ہے۔ کچا قلعہ، حالی روڈ، ممتاکالونی، سینٹ بونا وینچر، پھلیلی اور پریٹ آباد میں کوئی بھی شخص خرید سکتا ہے، بعض جگہ یہ چیزیں قطاریں لگا کر بیچی جارہی ہیں، بلیک میں فروخت ہونے سے بھتے میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گٹکا اور مین پوری سے نوجوان نسل تباہ ہورہی ہے، آئے روز کینسر سے نوجوان موت کے منہ میں جارہے ہیں، طلبہ اور خواتین بھی اس لعنت کا شکار ہونے لگی ہیں۔ اس وباکی خریدو فروخت سے ہر شخص آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پابندی سے فائدہ تو کچھ نہیں ہوتا، البتہ قیمت اور بھتا ضرور بڑھ جاتا ہے۔ تھانیداروں کی مرضی کے بغیر خریدو فروخت ممکن ہی نہیں ہے۔ گٹکا اور مین پوری ایک زہر ہے، یہ جانتے ہوئے بھی پولیس اہلکار تک اس لعنت کا شکار ہیں۔ اس لعنت سے چھٹکارے کے لیے سنجیدہ اقدام کی ضرورت ہے۔