پشاور:2016 میں عوام کو کرپشن کے خلاف متحد کیا،سراج الحق

357

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ2016 میں عوام کو کرپشن کے خلاف متحد کیا ۔اگر عدالتوں نے مایو س کیا 2017میں بھر پور عوامی احتجاج کے ذریعہ پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ پلی بارگیننگ کے طریقہ کا رکو ختم کرناچاہیے۔ فو جی عد التوںکے بجائے سول عد التوںکو مضبوط ہو نا چاہیے ۔حکمران وزیر وں اور مشیروں کے مسائل حل کرتے ہیں جبکہ عوامی مسائل حل کرنے کیلئے حکومت کے پاس ٹائم نہیں ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے چارسدہ میں میجر اکبر جان کے حجرے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وزیر خارجہ نہ ہونے سے ملک بیرون سطح پر تنہائیوں کا شکار ہے۔بھارت اپنی لابی مضبوط کررہا ہے جبکہ پاکستان کی لابی کمزور ہورہی ہے ۔بھارت نے سندھ طاس معاہد ہ ختم کرکے اعلان جنگ کیا ہے حکمران کو چاہیے کہ بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیب کے چیئرمین کی تقرری آزاد عد لیہ کے ذریعے کی جائے ۔اشرافیہ اقتدار کیلئے آپس میں لڑتی اورغریب کا خون چوسنے اور اسکے خون پسینے کی کمائی لوٹنے میں ایک دوسرے کی مدد کرتی ہے ۔موجودہ نظام اول و آخر اشرافیہ کے مفادات اور غریب کے استحصال کا نظام ہے اور اس نظام کے تحت مٹھی بھراشرافیہ نے اپنی دولت بڑھانے اور اقتدار پر قابض رہنے کیلئے ہمیشہ عوام کے حقوق سلب کئے ۔ یہی ٹولہ چہرے بدل بدل کرانتخابات میں عوام کو دھوکہ دیتا رہا اور کسی غریب کو ایوان اقتدار تک پہنچنے کا موقع نہیں دیا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک سے کرپشن کا خاتمہ چاہتی ہے اور اس عظیم مقصد کو حاصل کرنے کیلئے جماعت اسلامی نے کرپشن فری پاکستان تحریک شروع کی ۔ہم نے عوام کو کرپشن کے خلاف متحد کرنے کیلئے ملک بھر میں جلسے جلوس اور ریلیاں نکالیں اور ٹرین مارچ کیا ،ہم نے پارلیمنٹ میں کرپشن کے خلاف چار بل پیش کئے۔اپوزیشن کو مشترکہ اور متفقہ ٹی او آرز پر جمع کیا اور عدالت میں کرپشن کے خاتمہ کیلئے پیش ہوئے۔آج ملک بھر کے عوام کرپشن کے خلاف یک زبان ہیںاور سب کا مطالبہ ہے کہ کرپٹ ٹولے کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہئے لیکن پارلیمنٹ جس کی سب سے بڑی اور پہلی ذمہ داری قومی امانتوں کا تحفظ ہے وہ اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے جس سے عوام کے اندر سخت مایوسی پائی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹس کو کی حامی قوتیں اس ظالمانہ اور استحصالی نظام کو بچانے کیلئے سر جوڑ کربیٹھ گئی ہیں۔ اب ضرورت ہے کہ عوام اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے متحد ہوکر ایک بڑی تحریک کیلئے اٹھ کھڑے ہوں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری عبدالوسع، ضلعی امیر محمد ریاض خان ،ضلعی نائب ناظم اعلی مصور شاہ نائب امیر سکندر خان ضلعی جنرل سیکرٹری سیف اللہ خان درانی ،سابق ضلعی امیر مصباح اللہ ،حیات خان ،نورحسین ،فواداحمد اور دیگرافراد موجود تھے ۔انہوں میجر اکبر جان کے بھائی کی وفات پر ان کے ساتھ تغزیت کی اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ۔