راہداری روٹ تبدیل نہیں ہوا،شکوک پھیلانا ملک دشمنی ہے‘سی پیک سے پوراملک یکساں طورپرمستفید ہوگا,صدر ممنون حسین

247

پشاور (اے پی پی) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ راہداری روٹ تبدیل نہیں ہوا،شکوک پھیلانا ملک دشمنی ہے‘سی پیک سے پوراملک یکساں طورپرمستفید ہوگا،خیبر پختونخوا ور قبائلی عوام کی قربانیوں کے باعث دہشت گردی دم توڑ رہی ہے‘بے گھرقبائلیوں کی واپسی اولین ترجیحی ہے، نوجوان محنت سے تعلیم حاصل کریں،تحریک آزادی میں پختون عوام کاشاندارکردار رہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ قائداعظم کے حوالے سے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں گورنرخیبر پختوانخوا اقبال ظفر جھگڑا، وزرا، اراکینِ پارلیمنٹ، کارکنانِ تحریکِ پاکستان کے اہلِ خانہ اور بڑی تعداد میں حاضرین موجود تھے۔ صدرممنون حسین نے کہا کہ اس وقت کے کانگریسی وزیر اعلیٰ کہا کرتے تھے کہ ممکن ہے کہ مسلم لیگ اور کہیں وجود رکھتی
ہو لیکن صوبہ سرحد میں اس کا کوئی وجود نہیں ہے، مگر جب عام انتخابات میں مسلم لیگ نے شاندار کامیابی حاصل کی تو قائداعظم نے غیور پختونوں کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے کہا کہ میرے سپاہیوں نے کانگریس کا جادو توڑ کر رکھ دیا ہے، اب ہمارا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں کے عوام کو گزشتہ چند برسوں کے دوران بہت سی آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، یہ انہی قربانیوں ہی کا نتیجہ ہے کہ دہشت گردی دم توڑ رہی ہے اور نیشنل ایکشن پلان کامیاب ہور ہا ہے‘ اب حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ بے گھر قبائلی جلد سے جلد اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں ۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس راہداری کے فعال ہونے کے نتیجے میں وطن عزیز اور خاص طور پر ہمارے یہ علاقے سیاسی، سماجی اور اقتصادی طور پر مستحکم ہو جائیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کونصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے مستقبل کے بارے میں اندرونی اور بیرونی سطح پر کیے جانے والے پروپیگنڈے سے متاثر ہوئے بغیر ملک و قوم کی ترقی اور سربلندی کے لیے پوری محنت سے تعلیم کا حصول جاری رکھیں اور قائد اعظم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کریں۔